ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ، ایوان وزیراعلیٰ میں نعتیہ محفل مشاعرے کا انعقاد

Natia Mehfil Mushaira held at Chief Minister's House
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار، صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی، معاونین خصوصی اور اعلیٰ حکام کی نعتیہ محفل مشاعرے میں شرکت، شاعروں نے گلہائے عقیدت پیش کیے، ظہیر عباس بلالی اورساتھیوں نے قصہ بردہ شریف پیش کیا۔

تفصیل کے مطابق ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ کے دوسرے روز گزشتہ رات ایوان وزیراعلیٰ میں آل پاکستان کثیر اللسانی نعتیہ محفل مشاعرے کا انعقاد ہوا۔ محکمہ اطلاعات و ثقافت اور پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام نعتیہ مشاعرے میں ممتاز شعرا شریک ہوئے۔

اردو، ہندکو، پشتو، سرائیکی، پنجابی، شینا، سندھی اور بلوچی شاعروں نے گلہائے عقیدت پیش کیے۔ شجاعت ہاشمی نے کلام اقبال پیش کیا۔ کلام اقبال کا انگلش اور فرانسیسی ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔

ظہیر عباس بلالی اور ساتھیوں نے قصیدہ بردہ شریف پیش کیا۔ نعتیہ مشاعرے کی صدارت ڈاکٹر منور ہاشمی نے کی۔ امجد اسلام امجد، حمیدہ شاہین، عباس تابش، ایوب خاور، زاہد فخری نے کلام پیش کیا۔

بسمل صابری، فرحت عباس شاہ نے لحن کے ساتھ نعتیہ کلام پیش کرکے داد پائی۔ خدا بخش نے بلوچی، ناصر علی سید نے ہندکو، اثیر مینگل نے پشتو میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ نور رضوی نے سندھی اور اقبال سوکھڑی نے سرائیکی زبان میں نعت مقبولؐ پیش کی۔

حاضرین نعتیہ کلام پر داد وتحسین پیش کرتے رہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ آل پاکستان نعتیہ مشاعرے کا انعقاد خوش آئند ہے۔ نبی کریمؐ کی شان میں گلہائے عقیدت پیش کرنا اعزاز ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ کا مذہبی عقیدت واحترام سے آغاز ہو چکا ہے اور پورے صوبے میں تقریبات جاری ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نعتیہ مشاعرہ کے اختتام پر شعرا سے ملاقات کی اور خراج تحسین پیش کیا۔