انگلینڈ نے اکتوبر 2021 میں دورہ پاکستان کی تصدیق کردی

England confirms visit to Pakistan in October 2021
کیپشن: تصویر بشکریہ پی سی بی ٹوئٹر

لاہور:انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اکتوبر 2021 میں دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے 16 سال بعد پہلی مرتبہ دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے،میزبان ٹیم ٹیم پاکستان میں 2 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی اور یہ میچز 14 اور 15 اکتوبر کوکراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم 12 اکتوبر کو کراچی پہنچے گی۔ دورے کے اختتام پر دونوں ٹیمیں آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کیلئے16 اکتوبر کو اکٹھے بھارت روانہ ہوجائیں گی۔

7268acc6779337d30d78530a7e45fe6a


 پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ہفتے انگلینڈ کو جنوری 2021 میں مختصر دورانیے کے لیے دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی،جنوری میں اپنے سٹار کھلاڑیوں کی مصروفیات کے باعث انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اس دعوت نامہ کے جواب میں آئندہ سال آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے قبل اکتوبر میں دورہ کی تجویز پیش کی،جسے پی سی بی نے قبول کرلیا۔


انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے اس سے قبل آخری مرتبہ سال 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔مہمان ٹیم نے یہاں 3 ٹیسٹ اور 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے۔اس کے بعد پاکستان نے سال 2012 اور 2015 میں متحدہ عرب امارات کے میدانوں پر انگلینڈ کی میزبانی کی تھی۔


پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ انگلینڈ نے آئندہ سال اکتوبر میں دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا 16 سال بعد پہلا دورہ پاکستان ہوگا،جو سیزن 23-2022 میں دونوں ممالک کے مابین وائیٹ اور ریڈ بال کرکٹ سیریز کے انعقاد میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

fa784a5beedb0d5ce0042aea59a26b00


چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی ہوم سیریز کے بعد انگلینڈ کے مکمل اسکواڈ کی میزبانی کرے گا، اس دوران ہم آسٹریلیا کی میزبانی کے بھی منتظر ہوں گے،جو کہ سیزن 22-2021 کے فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ ہے، پھر انگلینڈ کرکٹ ٹیم سیزن 23-2022 میں ایک بار پھر ریڈ اور وائیٹ بال کرکٹ کھیلنے پاکستان کا دورہ کرے گی۔


انہوں نے مزید کہا کہ اکتوبر 2021 میں ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے پاکستان آمد پر انگلینڈ کے کھلاڑی یہاں ہماری جانب سے اٹھائے گئے عالمی معیار کے اقدامات کا جائزہ لے سکیں گے جوانہیں سال 23-2022 میں ایک مرتبہ پھر دورہ پاکستان کے لیے آنے اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں اپنی دلچسپی ظاہر کرنے میں معاونت کرے گا۔


انہوں نے کہا کہ 14 اور 15 اکتوبر 2021 کو ٹی ٹونٹی میچز کے لیے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد دراصل یہاں اور دنیا بھر میں موجود کرکٹ فینز کے لیے ایک پرجوش لمحہ ہوگا، عوام نے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کے لیے بہت انتظار کیا ہے ، اب سال 2021 میں جنوبی افریقہ ، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کرکٹ ٹیموں کے دورہ پاکستان سے آئندہ سال پا کستان میں بلا تعطل انٹر نیشنل کرکٹ کھیلی جا ئے گی۔ 


انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں جو اقدامات اٹھائے گئے ہیں ان سے مختلف بورڈز اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے ساتھ ساتھ ان کے یقین اور اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔


انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس دورے کی تصدیق ہمارے اس موقف کی تائید کرتی ہے کہ پاکستان کھیلوں کے لیے ایک محفوظ ملک ہے اور یہ دورہ اس امر کی بھی تصدیق کرتا ہے کہ ہمارے ای سی بی کے ساتھ اچھے تعلقات قائم ہیں۔


چیف ایگزیکٹو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈٹام ہیریسن نے کہا کہ وہ انگلینڈکرکٹ ٹیم کا آئندہ سال اکتوبر میں دورہ پاکستان کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2005 کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔


انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے ساتھ ہمارے تعلقات مضبوط اور اچھے اور انہی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم وہاں کے فینز کے لیے ان کے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی محفوظ واپسی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔


چیف ایگزیکٹو ای سی بی نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح ہمارے لیے اپنے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حفاظت سب سے عزیز ہے، لہٰذا ہم پی سی بی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور دونوں بورڈز مل کر سکیورٹی اور کوویڈ 19 کے پروٹوکولز کو پیش نظر رکھتے ہوئے مجوزہ پلانز ترتیب دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف یہ دو میچوں کی سیریز انگلینڈ کو آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2021 کی تیاریوں میں مدد کرے گی۔


برٹش ہائی کمشنر آف پاکستان ڈاکٹر کرسٹن ٹرنر کاکہنا ہے کہ وہ جب سے پاکستان آئے ہیں انہوں نے پاکستان میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے استقبال کو اپنا ہدف بنایا ہوا تھا، اب 16 سال کا انتظار ختم ہوا اور انہیں خوشی ہے کہ 2021 میں انگلینڈ کی ٹیم یہاں پاکستان آکر کرکٹ کھیلے گی۔


انہوں نے مزید کہا کہ آج منظر عام پر آنے والی اس خبر کے پیچھے بہت سخت محنت شامل ہے اور وہ اس موقع پر ان تمام افراد کے شکرگزار ہیں جو اس عمل میں شامل تھے۔ برٹش ہائی کمشنر نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ پاکستان میں سٹیڈیم کو دوبارہ سے آباد ہوتا دیکھنا چاہتی ہے اور یہ ٹور اس لحاظ سے اہم ثابت ہوگا جبکہ انہوں نے نعرہ لگایا کہ یوکے پاکستان دوستی زندہ باد۔