پاکستان سنگین مذہبی خلاف ورزیوں والے ممالک کی فہرست میں شامل

پاکستان سنگین مذہبی خلاف ورزیوں والے ممالک کی فہرست میں شامل

واشنگٹن: امریکا نے پاکستان اور افغانستان کو مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزی کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا ۔ فہرست میں پاکستان، روس، سعودی عرب، تاجکستان اور ترکمانستان جیسے ممالک بھی شامل ہیں ۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے پاکستان کو ان ممالک کی فہرست میں شامل کیا ہے جہاں پر مذہبی آزادی کی سنگین قسم کی خلاف ورزی ہورہی ہے ۔ امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان اور افغانستان کو مذہبی آزادی کے حوالے سے خطرناک ممالک کی فہرست میں شامل کیا ہے ۔ اس سے قبل ٹرمپ انتظامیہ نے سال  2018 میں پاکستان کو  اس فہرست میں شامل کیا جسے 2020 میں بھی  برقرار رکھاگیا ۔

جوبائیڈن انتظامیہ نے برسراقتدارآنے کے بعد  دو تبدیلیوں کے ساتھ پرانی فہرست کو برقرار رکھا اور  روس کو شامل کرتے ہوئے سوڈان کو سی پی سی فہرست سے نکال دیا۔

امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ ہم تمام حکومتوں پر دباؤ ڈالتے رہیں گے کہ وہ ان کے قوانین اور طرز عمل میں خامیوں کو دور کریں اور بدسلوکی کے ذمہ داروں کے لیے احتساب کو فروغ دیں ۔

امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ میں برما، چین، اریٹیریا، ایران ، پاکستان، روس، سعودی عرب، تاجکستان اور ترکمانستان کو مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق سی پی سی کی فہرست میں شامل کررہا ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں الجزائر، کوموروس، کیوبا اور نکاراگوا کو ان حکومتوں کے لیے خصوصی واچ لسٹ میں بھی شامل کر رہا ہوں جو مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث رہی ہیں‘۔

سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے الشباب، بوکو حرام، حیات تحریر الشام، حوثی، داعش، آئی ایس آئی ایس- گریٹر سہارا، داعش- مغربی افریقہ، جماعت نصر الاسلام والمسلمین اور طالبان کو بھی خاص تشویش کی تنظیموں کے طور پر نامزد کردیا ہے ۔

یاد رہے کہ اس فہرست میں ان ممالک کو رکھا جاتا ہے جہاں منظم  انداز میں مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہوں ۔