" سعودی خواتین جلد ہی طیارے اڑائیں گی"،جنرل صالح الجاسر

جدہ : سعودی عریبین ایئرلائنز(السعودیہ ) کے ڈائریکٹر جنرل صالح الجاسر نے کہا ہے کہ سعودی خواتین جلد ہی طیارے اڑائیں گی۔ وہ مملکت سے عراق کے متعدد شہروں کیلئے السعودیہ کی پروازوں کی تفصیلات بتا رہے تھے۔

انہوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ آئندہ ایام میں بغداد اور جدہ کے درمیان روزانہ 2پروازیں چلیں گی، پھر جلد ہی عراق کے دیگر شہروں کیلئے پروازوں کا سلسلہ شروع کردیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مہینوں کے دوران 5ہزار سعودی نوجوانوں کو فضائی علوم میں دسترس پیدا کرنے کیلئے دنیا کی اعلیٰ ترین یونیورسٹیوں اور انٹرنیشنل ٹریننگ اکیڈمیوں میں اسکالر شپ پر بھیجنے کا پروگرام طے کیا گیا ہے۔

واضح رہے گزشتہ ماہ سعودی خواتین کو شاہی فرمان کے ڈرائیونگ کی پہلی بار اجازت دی گئی تھی ۔ جس کے مطابق سعودی خواتین 2018سے باقاعدہ ڈرائیونگ کرنے کے لیے میدان میں آجائیں گی ۔اس مقصد کے لیے سعودی عرب میں ڈرائیونگ سنٹرز کا آغاز ہو گیاہے ۔ جس میں صرف خواتین کو ڈرائیونگ سکھائی جائیگی ، جبکہ جنرل صالح کے بیان سے لگتا ہے کہ عنقریب سعودی خواتین پائلٹس بھی دکھائی دیں گی ۔