قذافی خاندان کا قطر کیخلاف عدالت سے رجوع کرنیکا فیصلہ

قذافی خاندان کا قطر کیخلاف عدالت سے رجوع کرنیکا فیصلہ

طرابلس:لیبیا کے سابق سربراہ معمر قذافی کے خاندان کے وکیل نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ انکاخاندان قطر کیخلا ف عدالتی کارروائی کرے گا جس کیلئے5 بین الاقوامی وکلاءکی ایک ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے ۔
تفصیلاتے کے مطابق تیونس میں منعقد ایک پریس کانفرنس میں ایڈوکیٹ خالد الزایدی نے باور کرایا کہ قطری شخصیات کے خلاف جن الزامات کے تحت مقدمہ دائر کیا جائے گا ان میں دہشت گردی کی سپورٹ اور لیبیا کے شہریوں کے بے گھر ہونے کا سبب بننا شامل ہے۔
الزایدی نے بتایا کہ 1970 میں تیار ہونے والے قانون کے تحت ہمیں قطر کے خلاف قانونی اور عدالتی چارہ جوئی کا حق حاصل ہے اور اس حوالے سے سلامتی کونسل سے کسی نئی قرارداد کی ضرورت نہیں۔

الزایدی نے واضح کیا کہ ایسے میں جب کہ تنازع کے تمام فریقوں کے درمیان مذاکرات اور بات چیت کی تمام تر کوششیں ناکام ہو چکی ہیں ، لیبیا کو سیاسی مصالحت اور معاہدے تک پہنچنے کے لیے سیف الاسلام کے کردار کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیف الاسلام لیبیا کے عوام کی ایک بہت بڑی تعداد کے لیے امید کی واحد کرن ہیں اور لوگ اس بات کے منتظر ہیں کہ سیف ملک کو حالیہ بحران سے نکالنے کے لیے اپنے سیاسی ویڑن کے ساتھ نمودار ہوں۔
قذافی کے خاندان کے وکیل نے باور کرایا کہ سیف الاسلام قذافی نے لیبیا میں کچھ عرصے سے شہریوں کے ساتھ اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ الزایدی کے مطابق سیف الاسلام لیبیا کے منظرنامے سے دور نہیں۔ وہ موجود ہیں اور لیبیا کے عوامی اور قبائلی رہ نماو¿ں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔