آزاد ایم پی اے بلال اصغر پی ٹی آئی میں شامل

آزاد ایم پی اے بلال اصغر پی ٹی آئی میں شامل
کیپشن: تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

اسلام آباد: نااہلی کے باوجود بھی پاکستان تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین ان ایکشن، ایک اور آزاد امیدوار کو کھلاڑی بنانے میں کامیاب ہو گے۔

تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی 35 نشستوں پر انتخابات ہوئے جس میں 2 آزاد امیدوار بھی پنجاب اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہوئے، تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین ایک بار پھر سے متحرک ہو گئے ہیں اور آزاد ارکان کو گھیر کر وزیراعظم ہاﺅس لا رہے ہیں۔

اسی حوالے سے ٹوبہ ٹیک سنگھ سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے رکن پنجاب اسمبلی بلال اصغر وڑائچ نے وزیراعظم ہاﺅس میں عمران خان سے ملاقات کی اور باقاعدہ پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا اور عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

اس موقع پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ بلال اصغر کی پی ٹی آئی میں شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہو گی۔

خیال رہے کہ آفشور کمپنی کیس میں سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کو نااہل قرار دیا تھا جبکہ سابق سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کی جانب سے نظر ثانی اپیل دائر کی گئی تھی جس کو بھی مسترد کردیا گیا تھا۔