جعلی ڈگری کیس: خیبر پختونخواسے (ن)لیگ کے ایم پی اے ضیاءالرحمان نااہل قرار

جعلی ڈگری کیس: خیبر پختونخواسے (ن)لیگ کے ایم پی اے ضیاءالرحمان نااہل قرار
فائل فوٹو

اسلام آباد:کے پی کے اسمبلی کے منتخب رکن اسمبلی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضیاءالرحمان کو سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کی بنیاد پر نااہل قرار دیدیا ہے۔


تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کے خیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن ضیاءالرحمان کی جعلی ڈگری سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

دوران سماعت اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی جب ضیاءالرحمان عدالت میں پیش ہوئے تو چیف جسٹس پاکستان نے ان سے پوچھا کہ آپ نے کون سے مدرسے سے کون سا نصاب پڑھا ہے؟

ضیاءالرحمان نے بتایا کہ میں نے حدیث اور فقہ میں پڑھا ہے، اس پر جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ہمیں کوئی سی پانچ احادیث عربی میں سنادیں۔

(ن) لیگی رکن اسمبلی عدالت کے بولنے پر ایک بھی حدیث نہ سناسکے جس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ آپ نے 1996 میں میٹرک کیا اور اسی سال مدرسے کا کورس کیا، یہ کیسے ممکن ہے؟ مدرسے کے مہتمم نے بھی بتایا کہ آپ نے وہاں سے کوئی کورس نہیں کیا۔

چیف جسٹس نے ضیاءالرحمان سے مکالمہ کیا کہ خدا کے لیے اپنی عمر کا لحاظ کریں، آپ کو اپنی عزت کا ہی خیال نہیں، سولہ سال میں میٹرک بھی کیا اور شہادة العالمیہ بھی کر لیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جسٹس اعجاز الاحسن نے 16 سال کی عمر میں میٹرک کیا اور آپ نے 16 سال کی عمر میں میٹرک اور بی اے بھی کرلیا۔عدالت نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ضیاءالرحمان کی ڈگری جعلی قرار دے کر انہیں نااہل کردیا۔خیال رہے کہ الرحمان خیبرپختونخوا کے حلقے پی کے 30 مانسہرہ ایک سے عام انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے۔