مری اور گلیات میں برف باری کا آ غاز ہو گیا

مری اور گلیات میں برف باری کا آ غاز ہو گیا
کیپشن: فائل فوٹو

گلیات:مری اور گلیات میں برف باری کا آ غاز ہو گیا ، کئی مقامات پر برف باری نے رنگ جما دیا تاہم کئی علاقوں میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،لوگ ان علاقوں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں ۔

موسم انگڑائی لینے لگا ، گلیات میں برف باری نے رنگ جمانا شروع کر دیا ،وادی کاغان، ناران اور شوگران کے مختلف مقامات پر برف باری ہوئی جس کے نتیجے میں سردی میں اضافہ ہو گیا جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا ۔

 گلگت کے ضلع دیا مر میں وقت سے پہلے برف باری کا آغاز ہو گیا جس کے نتیجے میں لوگ بالائی علاقوں میں پھنس کر رہ گئے ہیں جن میں زیادہ تعداد مزدوروں کی ہے جو قیمتی پتھر نکالنے کا کام کرتے ہیں ۔

سکردو کے علاقے دیوسائی میں شدید برفباری کے نتیجے میں غیر ملکی سیاح سمیت 10 افراد پھنس گئے ہیں ، انتظامیہ کے مطابق شدید برف کے باعث ان علاقوں کا دو روز سے دیگر علاقوں سے رابط منقطع ہے جبکہ خراب موسم کے باعث ریسکیو آپریشن بھی شروع نہیں کیا جا سکا ۔

ادھر آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی برف باری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔ نیلم ، جہلم ویلی میں برف باری ہو رہی ہے جس کے باعث رابطہ سڑکیں بندہو گئی ہیں ۔لوگ ان علاقوں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔