پولیس کا کام عوام کی جان و مال کا تحفظ کرنا ہے، آئی جی پنجاب

 پولیس کا کام عوام کی جان و مال کا تحفظ کرنا ہے، آئی جی پنجاب
کیپشن: فوٹو سوشل میڈیا

لاہور : آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کہتے ہیں پولیس میں خود احتسابی کا نظام لائیں گے، پولیس کا کام عوام کی جان و مال کا تحفظ کرنا ہے، جرائم پر قابو پانے کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔

آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے لاہور میں پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈی ایس پیز اراکین اسمبلی کو بھی عزت دیں اور عوام کی خدمت بھی کریں۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی سطح پر احتساب سیل بنائے جائے گا، افسران اور اہلکاروں کے لیے انشورنس کارڈ بھی جاری کئے جائیں گے۔ اجلاس میں پولیس افسران سے تجاویز بھی لی گئیں۔

آئی جی پنجاب نے اہلکاروں کی آسان ترقی کیلئے ڈولفن فورس کو فیلڈ فورس قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ افسران کی کیٹگری کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا جبکہ کھانے اور صفائی کا عملہ دیا جائے گا۔امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ تمام افسران کو ان کے آبائی علاقوں میں تعینات کیا جائے گا تا کہ معاشرے میں کرائم ریٹ کم ہو سکے۔