توہین عدالت: ویب چینل کے مالک اور پروڈیوسر ریمانڈ پر جیل منتقل

توہین عدالت: ویب چینل کے مالک اور پروڈیوسر ریمانڈ پر جیل منتقل
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد :انسداد دہشت گردی عدالت نے عدلیہ کے خلاف توہین آمیز پروگرام نشر کرنے پر ویب چینل کے مالک اور پروگرام پروڈیوسر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا۔

عدلیہ کے خلاف توہین آمیز پروگرام کیس کی سماعت کو انسداد دہشت گردی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے کی۔

سماعت کے دوران عدالت نے فیصل رضا عابدی کا انٹرویو کرنے والی ویب سائٹ کے خلاف کیس میں دونوں ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

تھانہ سیکریٹریٹ پولیس انسداد دہشت گردی عدالت میں ملزمان ہنس مسرور اور احسن سلیم کو پیش کیا۔

واضح رہے کہ ہنس مسرور انٹرنیٹ پر چلنے والے نجی چینل کے مالک اور احسن سلیم پروڈیوسر ہیں ، ملزمان نے عدالت میں پیش ہوکر اعتراف جرم کرلیا جس کے بعد پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ دونوں ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے۔

عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا ، فیصل رضا عابدی نے ایک ویب ٹی وی کے پروگرام کے دوران عدلیہ اور چیف جسٹس کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی تھی جس کے بعد سپریم کورٹ نے اس معاملے کا ازخود نوٹس لیا تھا۔

تاہم چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے فیصل رضا عابدی کی جانب سے مبینہ طور پر عدلیہ مخالف بیان دینے سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت سے انکار کردیا تھا، جس کے بعد کیس سپریم کورٹ کے دوسرے بینچ کو بھجوا دیا گیا تھا۔