نیوزی لینڈ انتخابات میں شاندار کامیابی، وزیراعظم عمران خان کی جیسنڈا آرڈرن کو مبارکباد  

نیوزی لینڈ انتخابات میں شاندار کامیابی، وزیراعظم عمران خان کی جیسنڈا آرڈرن کو مبارکباد  

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ میں 2020ء کے انتخابات میں شاندار کامیابی پرجیسنڈا آرڈرن کو مبارک باد دی ہے۔

ہفتے کی رات اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ جیسنڈا آرڈرن کی بہترین قیادت نے نہ صرف نیوزی لینڈ بلکہ پاکستان کے عوام کے دل جیتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تعاون اور دوستی کے تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ میں وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کی پارٹی نے ملک کے عام انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرلی ہے۔ جیسنڈا آرڈرن کی بائیں بازو کی لیبر پارٹی نے کل ڈالے گئے ووٹوں میں سے انچاس فیصد ووٹ لے کر پارلیمنٹ میں واضح اکثریت حاصل کی۔ حزب اختلاف کی دائیں بازو کی نیشنل پارٹی نے انتخابات میں ستائیں فیصد ووٹ حاصل کئے اور اس نے اپنی شکست تسلیم کر لی ہے۔ جس کے بعد وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کی دوسری بار بھی وزیر اعظم بننے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ اس مرتبہ انتخابات میں آرڈرن کا مقابلہ دائیں بازو کی قدامت پسند رہنما جوڈتھ کولنز سے تھا۔ جسینڈا آرڈن نے فتح کو تاریخی قرار دیا۔

پارلیمانی انتخابات میں جسینڈا آرڈن کی جماعت لیبر پارٹی نے 50 فیصد نشستیں حاصل کیں اور ان کے مدمقابل جوڈتھ کولنز کی جماعت لیبر پارٹی نے 27 فیصد نشستیں حاصل کیں جبکہ دیگر جماعتوں نے مجموعی طو پر 8 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ اس طرح ملک میں تاریخ میں پہلی مرتبہ پارلیمان میں بائیں بازو کے اتحاد کو واضح اکثریت حاصل ہوئی ہے۔

نیوزی لینڈ میں حکومت سازی کے لیے پارلیمان کی 61 نشستوں پر کامیابی ضروری ہوتی ہے ورنہ اکثریت نہ ملنے کی صورت میں دوسری جماعتوں کے ساتھ ملکر مخلوط حکومت بنانا پڑتی ہے اور ابتدائی نتائج سے لگتا ہے کہ جسینڈا آرڈن دوسری بار بھی باآسانی وزیراعظم بن جائیں گی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم جسینڈا آرڈن نے دو مساجد پر دہشت گرد آسٹریلوی شہری کے حملے کے نیتجے میں 50 نمازیوں کی ہلاکت پر لواحقین سے اپنے حسن سلوک اور دہشت گرد کو منطقی انجام تک پہنچانے کی وجہ سے عالمگیر شہرت حاصل کی تھی جب کہ ان کی حکومت نے اپنی کارکردگی کے باعث ووٹرز کے دل بھی جیت لیے تھے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے انتخابات ایک ماہ کی تاخیر سے ہوئے۔ طے شدہ پروگرام کے تحت عام انتخابات کے لیے 19 ستمبر کو ووٹنگ ہونا تھی تاہم کووڈ 19 کی وجہ سے انہیں 17 اکتوبر تک کے لیے مؤخر کردیا گيا تھا۔