پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی

پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی

اسلام آباد: ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق ملک میں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 415.7 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 545.5 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

جاری مالی سال میں ملک میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ پہلی سہ ماہی میں ملک میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری کا حجم 108.5 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری کا حجم 22.7 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ایک دوسری رپورٹ کے مطابق ملک میں مواصلات کے شعبہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کے پہلے دو مہینوں میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک اور سرمایہ کاری بورڈ کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی اور اگست2020ء میں ملک میں مواصلات کے شعبہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 37.1 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مواصلات کے شعبہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 44.9 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبہ میں جاری مالی سال کے پہلے دو مہینوں میں 29 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 38.3 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں جاری مالی سال کے پہلے دو مہینوں میں 8.1 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ سال کی اسی مدت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 6.6 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال میں آئی ٹی خدمات کے شعبہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کا رحجان رہا ہے۔

مالی سال کے پہلے دو مہینوں میں آئی ٹی خدمات کے شعبہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 7.5 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں اس شعبہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 1.7 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جاری مالی سال کے پہلے دو مہینوں میں ملک میں مجموعی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 39.93 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔