ترکی کے صدر نے اپنی عوام کو ایک اور بڑی خوشخبری سنا دی

ترکی کے صدر نے اپنی عوام کو ایک اور بڑی خوشخبری سنا دی
کیپشن: file photo

انقرہ: ترکی کے صدر نے اپنی عوام کو ایک اور بڑی خوشخبری سنا دی۔ صدر طیب اردوان نے بحیرہ اسود میں قدرتی گیس کے نئے ذخائر دریافت ہونے کا اعلان کر دیا۔

ترک صدر نے ڈرلنگ جہاز اورچ رئیس پر اجلاس کی صدارت کی اور ڈرلنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔ صدر طیب اردوان کا کہنا تھا کہ 2023ء کےلیے مقرر کردہ اہداف حاصل کر رہے ہیں، اور اب نظر 2053ء کے اہداف پر ہے، آئندہ نسلوں کےلیے طاقتور ترکی چھوڑنا چاہتے ہیں۔

85 ارب کیوبک میٹرز کے دریافت ہونے والے نئے ذخائر، اس سے قبل دریافت ہونے والے 320 ارب کیوبک میٹرز کے علاوہ ہیں۔ اس طرح ترکی کے قدرتی گیس کے سمندر سے دریافت ہونے والے ذخائر 405 ارب کیوبک میٹر تک پہنچ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ ترک صدر نے دو ماہ قبل، 320 ارب کیوبک گیس ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کیا تھا، جو ترک تاریخ کے سب سے بڑے گیس ذخائر تھے۔

یاد رہے کہ بحیرہ روم میں ترکی کی جانب سے گیس اور تیل کے تلاش کے کام پر یونان کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے اور دونوں ممالک نے اپنی افواج کو الرٹ رہنے کا بھی حکم دے دیا تھا۔

بعد میں دونوں نیٹو ممالک کو ممکنہ جنگ سے روکنے کیلئے یورپی یونین نے اس معاملے کو حل کرنے کیلئے ترکی اور یونان پر زور دیا کہ وہ اس مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرے اور عسکری کارروائیوں سے باز رہے۔ یورپی ممالک نے اس ترکی کو اپنے بحری جہاز واپس لے جانے کا کہا لیکن اس معاملے میں فرانس کے صدر نے ترکی کی مخالفت کرتے ہوئے یونان اور قبرص کی مکمل حمایت کی۔ یورپی نے ترکی کو باز نہ آنے کی صورت میں پابندی لگانے کی دھمکی بھی دی۔