سراج الحق نے بھی یکم نومبر سے حکومت مخالف تحریک کا اعلان کر دیا

سراج الحق نے بھی یکم نومبر سے حکومت مخالف تحریک کا اعلان کر دیا
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: جماعت اسلامی کا یکم نومبر سے حکومت مخالف تحریک کا اعلان، مہنگائی بے روز گاری اور حکومتی نااہلی کے خلاف تحریک کا آغاز خیبر پختونخواہ سے کیا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے لائحہ عمل بنا رہے ہیں۔ تئیس اکتوبر کو تحریک کا مکمل شیڈول دیا جائے گا۔ مہنگائی بے روز گاری اور حکومتی نااہلی کے خلاف تحریک کا آغاز خیبر پختونخواہ سے کیا جائے گا۔

ادھر اپوزیشن کی گیارہ جماعتوں نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے تحریک کا آغاز کیا ہے جس کی صدارت جے یو آئی فے کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کر رہے ہیں۔

کراچی میں اپوزشین اتحاد کا پاور شو ہو رہا ہے جس کے لیے باغ جناح میں پنڈال سج گیا ہے۔ کارکنوں کے آمد کا سلسلہ جاری ہے، پیپلز پارٹی قیادت جلسہ گاہ میں موجود ہے، جیالے اور متوالے سب پُر جوش ہیں، پارٹی ترانوں پر رقص بھی ہو رہا ہے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بھی اپنے قافلے کے ساتھ مزار قائد پہنچ چکی ہیں۔

واضح رہے کہ مریم نواز شریف نے وزیراعظم کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دھمکیاں کسی اور کو دیں، لیگی قیادت پہلے بھی جیلیں کاٹ چکی ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم پہلے بھی وی آئی پی طریقے سے جیل میں نہیں رہے، پہلے بھی عام جیلوں میں ٹریٹ کیا گیا، اگر کوئی سمجھتا ہے جیلوں میں سہولیات تھیں تو غلط سمجھتا ہے، یہ جو دھمکیاں ہیں کسی اور کو دیں۔ دو دفعہ گرفتار ہو کر پانچ چھ ماہ جیل کاٹ کر آئے ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کی تقریر ہارے ہوئے شخص کی تقریر تھی۔ میاں صاحب نے اپنی تقریر میں ہارے ہوئے شخص کو ایڈریس نہیں کیا۔ میاں صاحب نے کہا آپ کا کھیل نہیں، بڑوں کی لڑائی میں چھوٹوں کا کوئی کام نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو کچھ دکھائی نہیں دے رہا، تھوڑے دنوں میں سب نظر آ جائے گا۔

ادھر پی ڈی ایم کے جلسے میں شریک خواتین نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے، اس لئے اب حکومت کو جانا ہو گا، اب بلاول بھٹو ہی وزیراعظم بنیں گے۔ مریم نواز کو کراچی میں ویلکم کرتے ہیں۔