کراچی جلسہ :مولانا فضل الرحمن ،مریم نواز ،بلاول بھٹو جلسہ گاہ پہنچ گئے 

کراچی جلسہ :مولانا فضل الرحمن ،مریم نواز ،بلاول بھٹو جلسہ گاہ پہنچ گئے 

کراچی :پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سمیت تمام سیاسی پارٹیوں کے لیڈر جلسہ گاہ پہنچ گئے ،بلاول بھٹو نے مریم نواز ااور مولانا فضل الرحمن کاسٹیج پر استقبال کیا ۔

گوجرانولہ سیاسی پاور شو دکھانے کے بعد اپوزیشن لیڈر کراچی کے باغ جنا ح پہنچ گئے ،بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور مولا نا فضل الرحمن کا اسٹیج پر استقبال کیا ،جلسے سے مولانا فضل الرحمن ،بلاول بھٹو اور مریم نواز خطاب کرینگی ،سٹیج پر یوسف رضا گیلانی ،شاہد خاقان عباسی ،محمود خان اچکزئی سمیت دیگر رہنما بھی موجود ہیں ۔

واضح رہے جلسے سے قبل مولانا فضل الرحمن نے آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا ، مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ کراچی کو ماضی میں بھی خون سے نہلایا گیا، مولانا عادل کے قاتلوں کی اب تک گرفتاری نہیں ہوئی،کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عوامی رابطہ مہم شروع کردی ہے جس کی اچھی ابتدا ہوئی،مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں بدترین دھاندلی ہوئی جس کے نتیجے میں یہ حکومت وجود میں آئی ہے۔

کراچی جلسے میں اس وقت بدنظمی دیکھنے کو ملی جب کچھ مر د کارکن باڑ کو پھلانگتے ہوئے خواتین والی سائیڈ پر چلے گئے ،پی ڈی ایم کے  باغ جناح جلسے میں کارکنان آپے سے باہر ہوگئے، قیادت کے اسٹیج پر پہنچتے ہی مرد کارکنان خواتین انگلوژر میں باڑ پھلانگ کر گھس گئے،پولیس اور انتظامیہ نے فوری کاروائی کرتے ہوئے صورتحال کو قابو کیا ۔

اس سے قبل باغ جناح میں جگہ خالی رہ جانے پر پیپلزپارٹی کی جیالیاں آپس میں ہی لڑ پڑیں، جیالیاں ایک دوسرے پر جملے کستی رہیں، کارکنان نے معاملہ حل کروانے کی کوشش کرتے نظر آئے،دوسری جانب مسلم لیگ ن کے کارکنان کے درمیان مزار قائد کے مرکزی گیٹ پر جھگڑا ہوا، ایک کارکن موبائل فون سے فوٹیج بنا رہا تھا، دوسرے کارکن کا دھکا لگنے سے موبائل فون گر گیا جس پر جھگڑا شروع ہوگیا،بعدازاں ن لیگ کے کارکنان نے دونوں افراد کے درمیان صلح کروائی۔