چینی اسکالرز کی گرفتاری پر چین نے امریکا کو آخری وارننگ دیدی

چینی اسکالرز کی گرفتاری پر چین نے امریکا کو آخری وارننگ دیدی

بیجنگ:اگر امریکا میں  موجود چینی اسکالرز کو گرفتار کیا گیا تو چین میں موجود امریکیوں کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ چین نے امریکا کو خبردار کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق چین کی حکومت نے واشنگٹن کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا میں چینی اسکالروں پرمقدمے درج کرنے پر چین میں موجود امریکیوں کو گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق چین نے مختلف ذرائع سے امریکی قیادت کو یہ پیغام بھجوایا ہے کہ امریکا میں چینی اسکالرز پر مقدمے درج کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے ورنہ چین میں رہنے والے امریکیوں کو بھی چینی قوانین کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکا نے چینی اسکالرز پر فوج سے رابطے کا الزام لگاتے ہوئے ویزا منسوخ کردیا تھا۔ چین کا پیغام تھا کہ امریکی عدالتوں میں چینی سکالرز پر مقدمے درج کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے ورنہ چین میں رہنے والے امریکیوں کو بھی چینی قانون کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے 14 ستمبر کو چین کے سفر کے حوالے سے ہدایات جاری کی تھیں جن میں خبردار کیا گیا تھا کہ چینی حکومت سودے بازی کے لیے امریکی اور دیگر ملکوں کے شہریوں کو گرفتار کرتی ہے اور اور ان کے ملک سے باہر جانے پر پابندی لگاتی ہے۔اس حوالے سے سنیچر کو واشنگٹن میں موجود چینی سفارت خانے سے رابطہ کیا گیا لیکن وہاں سے حکام نے سوالوں کا کوئی جواب نہیں دیا۔

واضح رہے کہ امریکی انتظامیہ کا الزام ہے کہ چین امریکہ پر سبقت لے جانے کے لیے امریکی ٹیکنالوجی اور فوجی معلومات "چوری" کرنے کے لیے جاسوسی کرتا ہے تاہم چین ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔