ٹی 20 ورلڈکپ میں قومی ٹیم کو بھارت پر برتری حاصل ہے مگر کیسے؟ بابراعظم کا دلچسپ انکشاف

ٹی 20 ورلڈکپ میں قومی ٹیم کو بھارت پر برتری حاصل ہے مگر کیسے؟ بابراعظم کا دلچسپ انکشاف
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلے گئے اپنے آخری تمام 10 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں قومی ٹیم کو بھارت پر برتری حاصل ہے 
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 24 اکتوبر کو مدمقابل ہوں گی اور پاکستان میگاایونٹ میں بھارت کے خلاف ایک بھی میچ نہیں جیت سکا ہے تاہم بابراعظم کو اس بات کی کوئی پرواہ نہیں بلکہ وہ اس بار فتح حاصل کر کے تاریخ بدلنے کیلئے پرعزم ہیں۔ 
پریس کانفرنس کے دوران جب ان سے سوال کیا گیا کہ بھارت میگا ایونٹ میں پانچوں مرتبہ ہی بھارت کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوئی تو ان کا کہنا تھا کہ یقینا ہم نے یو اے ای میں بہت ساری کرکٹ کھیلی ہے اور یہاں کا ماحول ہمارے لئے بہت اچھا ہے اور ہم جانتے ہیں کہ یہاں کیسے کرکٹ کھیلنی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ اچھی کارکردگی سے اعتماد ملتا ہے اور میں فارم میں ہوں جس کا بہت فائدہ ملے گا اور ٹیم کے دیگر کھلاڑی بھی مکمل فارم میں ہیں جو بھارت کے خلاف میچ میں 100 فیصد کارکردگی دکھا کر جیت حاصل کر کے ٹورنامنٹ کا آغاز پراعتماد طریقے سے کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔