عمران خان کی حکومت ملک پر بوجھ بن گئی، اسے جانا ہوگا: شہباز شریف

عمران خان کی حکومت ملک پر بوجھ بن گئی، اسے جانا ہوگا: شہباز شریف
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد : اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت ملک پر بوجھ بن چکی ہے اسے جانا ہوگا۔ بجٹ ٹیکس فری نہیں تھا جھوٹ کا پلندا تھا ۔ بچہ بچہ گواہی دے رہا ہے کہ یہ حکومت تاریخ کی بدترین حکومت ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ریاست مدینہ میں بے روزگاری ،مہنگائی نہیں تھی ۔اس حکومت کو ریاست مدینہ کہنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ 17 جون کو ہی بتایا تھا کہ بجٹ فراڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ملک کے 22 کروڑ عوام کو شکنجے میں لانا چاہتا ہے۔ اخبارات میں خبر آئی آئی ایم ایف اب بھی ان کے ساتھ راضی نہیں ہوا۔  غریب آدمی بجلی،گیس کے بل ادا کرے یا بچوں کو کھانا فراہم کرے۔

شہباز شریف نے کہا کہ  یہاں ہم دن رات ریاست مدینہ کا ذکر سنتے ہیں، کہاں ریاست مدینہ اور کہاں یہ حکومت، موجودہ حکومت ملک پر بھاری بوجھ بن چکی ہے،  ریاست مدینہ میں ناانصافی اور کمر توڑ مہنگائی نہیں تھی، کوئی بھوکا نہیں سوتا تھا، کسی بیوہ کی حق تلفی نہیں ہوتی تھی، ریاست مدینہ میں بےروزگاری نہیں تھی۔ ریاست مدینہ کا نام لینے والی حکومت نے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ ڈیڑھ روپے سے زائد اضافہ کردیا۔ بجلی کے بل بم بن کر عوام پر گر رہے ہیں۔ بچہ بچہ گواہی دے رہا ہے کہ یہ 74 سال میں بد ترین حکومت آئی ہے۔

 
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ آٹا، چینی اور دال 20 ہزار ماہانہ کمانے والے کی پہنچ سے باہر ہو چکے ہیں، غریب بجلی کا بل اور ادویات کہاں سے لائے گا، حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے ایڑھی چوٹی کا زور لگا دیا، آئی ایم ایف اب بھی ان سے راضی نہیں ہوا، اللہ جانتا ہے کہ اس تباہی کا انجام کیا ہو گا۔ صدر مملکت نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کہا تھا کہ معیشت درست سمت جارہی ہے، لوگ چینی اور آٹے میں لٹ گئے اور کہتے ہیں معیشت درست سمت جارہی ہے، 15 ہزار ارب روپے کے قرضے لے لئے مگر ایک اینٹ نہ لگائی، اگر یہی پندرہ ہزار ارب عوام میں تقسیم کئے جاتے تو فی کس ساڑھے تین لاکھ روپے آتے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جتنی غریب ماری اس حکومت نے کی ہے ملکی تاریخ میں کسی نے نہیں کی ہے، مہنگائی کے خلاف ہم نے کمر باندھ لی ہے، مہنگائی کا سونامی اس دھاندلی زدہ حکومت کو بہالے جائے گی، ہم پورے ملک کے کونے کونے میں مہنگائی کے خلاف عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔