قندوز ،قندھار دھماکوں نے ثابت کر دیا داعش افغانستان کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے:حامد کرزئی 

Afghan Peace Process,Hamid Karzai,New Islamic Emirate Afghanistan

دبئی :افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی کا کہنا ہے کہ قندوز اور قندھار میں دھماکے ثابت کرتے ہیں کہ داعش افغانستان کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے۔

امریکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق صدر حامد کرزئی نے کہا کہ طالبان کی موجودہ حکومت کو عالمی سطح پر قبولیت سے قبل ملک میں قانونی حیثیت درکار ہوگی۔

انہوں نے کہا یہ قانونی حیثیت صرف انتخابات یا لویہ جرگہ میں افغان عوام کی خواہش کے اظہار کے ذریعے ہی مل سکتی ہے۔

پاکستان سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے حامد کرزئی نے کہا پاکستان کو افغانستان کی نمائندگی کے بجائے سول تعلقات قائم کرنے کی کوشش کرنی چاہیئے،پاکستان اور افغان حکومت کے درمیان بہتر تعلقا ت ہونے چاہیں کیونکہ  پاکستانی عوام کے ساتھ افغان عوام کے گہرے تعلقات ہیں۔

واضح رہے  گزشتہ روز افغانستان کے شہر قندھار میں جمعہ کے روز لہو لہان کر دیا گیا ،مسجد میں دھماکے سے اب تک 37 افراد شہید اور 70 سے زائد افراد زخمی ہیں ،دھماکہ نمازجمعہ کے دوران کیا گیا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کے شہر قندہار میں نماز جمعہ کے دوران بم دھماکہ ہوا ہے جس میں 37 افراد ہلاک اور 70 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں،دھماکہ عین اسوقت ہوا جب قندھار کی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کی جارہی تھی ۔

عینی شاہدین کے مطابق مسجد میں یکے بعد دیگرے تین دھماکے ہوئے ،دھماکے اس قدر شدید تھے کہ آواز دور دور تک سنائی دی ۔

یاد رہے کہ گزشتہ جمعتہ المبارک کو بھی افغانستان کے شہر قندوز کی مسجد میں بم دھماکے میں 43 افراد ہلاک اور 143 زخمی  ہوگئےتھے ۔ جس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی ۔