اداکارہ ماہرہ خان کے بیٹے نے ماں پر پابندیاں عائد کر دیں

اداکارہ ماہرہ خان کے بیٹے نے ماں پر پابندیاں عائد کر دیں

کراچی :پاکستان کی مقبول ترین اداکارہ ماہرہ خان پر ان کے بیٹے نے چند پابندیاں عائد کردی ہیں۔اس بات کاانکشاف ماہرہ خان نے گزشتہ دنوں اپنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کیا۔اپنے بیٹے اذلان کی 8 ویں سالگرہ کے موقع پر ماہرہ خان نے بیٹے کی تصویر شیئر کی اور اس میں یہ بات بتائی۔

انہوں نے لکھاکہ اذلان کی جانب سے مجھے سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ اب اسے جان، بے بی یا اذو نہیں پکارنا، آج وہ آٹھ سال کا ہوا اور اپنی ماما کے لیے بہت زیادہ کول ہوگیا۔آسان الفا ظ میں اذلان نے ماںپر واضح کیا ہے کہ اب اس کے ساتھ چھوٹے بچوں جیسا سلوک نہ کیا جائے۔اسی طرح انہوں نے بیٹے کے ساتھ اپنی ایک اور تصویر بھی انسٹاگرام پر شیئر کی جس میں وہ ان کی کمر پر لیٹا سو رہا ہے۔

اس تصویر کے کیپشن میں ماہرہ خان نے لکھا ہر روز اس بات پر شکرگزار ہوتی ہوں کہ اللہ نے مجھے اذلان کی ماں کے طور پر منتخب کیا۔خیال رہے کہ اداکارہ کی شادی 2007 میں علی عسکری کے ساتھ ہوئی تھی جو بعد ازاں طلاق پر اختتام پذیر ہوئی۔

ان دونوں کا ایک ہی بیٹا ہے جو ماہرہ خان کے ساتھ رہتا ہے۔واضح رہے کہ ماہرہ خان اس وقت معروف ڈائریکٹر شعیب منصور کی فلم” ورنہ“ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس کا پہلا پوسٹر گزشتہ دنوں سامنے آیا تھا۔یہ فلم رواں سال نومبر میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے جبکہ وہ فواد خان کے ساتھ بھی مولا جٹ ٹو میں کام کرتی نظر آئیں گی۔