امریکا جامع ایٹمی معاہدے کا شیرازہ بکھیر رہا ہے، علی لاریجانی

امریکا جامع ایٹمی معاہدے کا شیرازہ بکھیر رہا ہے، علی لاریجانی

تہران :ایران اور امریکا کا ایٹمی معاہدہ دو سال بھی نہ چل سکا،ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے امریکی ایوان نمائندگان کے ایران مخالف بل کو جامع ایٹمی معاہدے کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے امریکی اقدام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر جامع ایٹمی معاہدے کی پابندی نہ کرنے کا الزام عائد کرنے والے امریکی عہدیدار اس معاہدے کا شیرازہ بکھیرنے میں لگے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر امریکا نے جامع ایٹمی معاہدے کو توڑا تو ایران بڑی تیزی کے ساتھ معاہدے سے پہلے والی پوزیشن پر واپس لوٹ جائے گا۔دوسری جانب عالمی امور میں رہبر انقلاب کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ عالمی اداروں کی رپورٹوں میں واضح کیا گیا کہ ایران جامع ایٹمی معاہدے کی مکمل پابندی کر رہا ہے۔

انہوں نے ایک بار پھر ایران کے اس م¶قف کا اعادہ کیا کہ جامع ایٹمی معاہدہ ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے دو طرفہ معاہدہ نہیں بلکہ یہ ایک عالمی معاہدہ ہے۔درایں اثناءیورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج فیڈریکا موگرینی نے ایک بار پھر کہا ہے کہ جامع ایٹمی معاہدہ ایک عالمی معاہدہ ہے جس میں ایک فریق عالمی برادری ہے جبکہ ایران دوسرا فریق ہے۔