قطر کا برطانیہ سے 24 لڑاکا طیارے خریدنے کا معاہدہ

قطر کا برطانیہ سے 24 لڑاکا طیارے خریدنے کا معاہدہ

لندن: عرب ممالک کی جانب سے بائیکاٹ کے بعد قطر نے اپنا دفاع مضبوط بنانے کے لیے برطانیہ سے 24 جنگی طیارے خریدنے کا معاہدہ کر لیا ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ اور قطر نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس میں لندن اپنے 24 ٹائیفون لڑاکا طیارے دوحہ کو فروخت کرے گا۔ عرب پڑوسی ممالک کے قطر سے تعلقات ختم کرنے کے بعد دوحہ کا کسی دوسرے ملک سے یہ دوسرا بڑا دفاعی معاہدہ ہے۔


اس سے قبل رواں سال جون میں قطر نے امریکا سے 12 ارب ڈالر کی لاگت سے ایف 15 جنگی جہاز خریدنے کی تصدیق کی تھی جب کہ 2016 میں فرانس سے 24 ڈسالٹ رافیل لڑاکا طیاروں کا معاہدہ کیا تھا جس کی مجموعی مالیت تقریباً 8 ارب ڈالر تھی۔ قطر کی جانب سے غیر عرب ممالک سے دفاعی نوعیت کے معاہدے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب رواں سال 5 جون کو سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر سمیت دیگر عرب ریاستوں کی جانب سے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزامات پر قطر کا بائیکاٹ اور تعلقات منقطع کر لیے گئے اور یہ صورتِ حال اب تک جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق جنگی طیاروں کی خریداری کے معاہدے پر قطر کے وزیر دفاع خالد بن محمد العطیہ اور ان کے برطانوی ہم منصب مائیکل فیلن نے دستخط کیے۔ قطر میں برطانوی سفیر نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ برطانیہ اور قطر کے مابین جنگی طیاروں کا مذکورہ معاہدہ ان دونوں ممالک میں دفاعی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے پہلا قدم ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں