قطر بحران پر غور کے لیے ایک قومی اجلاس منعقد کیا جائے:شیخ عبداللہ بن علی آل ثانی

قطر بحران پر غور کے لیے ایک قومی اجلاس منعقد کیا جائے:شیخ عبداللہ بن علی آل ثانی

دوحہ :قطر کے شاہی خاندان کے فرد شیخ عبداللہ بن علی آل ثانی نے اپنے ہم وطنوں کے نام ٹویٹ میں ایک اہم پیغام دیا ہے جس میں انھوں نے امن کا درس دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امن کے پیغامبروں کے ساتھ متحد ہوجائیں۔
انھوں نے اپنے اس ٹویٹ میں اپنے خاندان ، بچوں ،کاروباری افراد اور قطر کے تمام عوام کو مخاطب کیا ہے۔انھوں نے لکھا ہے:” میں آپ کو دعوت دیتا ہوں کہ دانش اور امن کے پیغامبروں سے ملیں اور دلوں کو ملانے کی وکالت کریں“۔
انھوں نے لکھا ہے کہ بحران سے صورت حال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے اور یہ ہمیں ایک ایسی صورت حال کی جانب لے جارہی ہے جس کی جانب ہم جانا نہیں چاہتے ہیں۔
شیخ عبداللہ آل ثانی نے کہا کہ ”بحران پر غور کے لیے ان کے ساتھ ایک قومی اجلاس منعقد کیا جائے“۔ان کے بہ قول ”اس بحران کے ہوتے ہوئے ہم زیادہ عرصہ خاموش نہیں رہ سکتے ہیں“۔
شیخ عبداللہ نے یہ بھی لکھا ہے کہ سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز قطر اور اس کے عوام کا تحفظ چاہتے ہیں۔انھوں نے قطری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان سے رابطے میں رہیں اور مجوزہ قومی اجلاس کے لیے ایک تاریخ مقرر کریں۔