عمرہ کرنے والے زائرین اب سعودی عرب کے کسی بھی شہر میں جاسکتے ہیں ،سعودی حکومت کا بڑا اقدام

عمرہ کرنے والے زائرین اب سعودی عرب کے کسی بھی شہر میں جاسکتے ہیں ،سعودی حکومت کا بڑا اقدام
کیپشن: فائل فوٹو

ریاض :سعودی حکام نے پہلی بار 30روزہ عمرہ ویزے پر مملکت آنے والے معتمرین اور زائرین کو سعودی عرب کے کسی بھی شہر جانے کی اجازت دیدی۔

عمرہ اورزیارت ویزے پر آنے والے وہی لوگ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ کے باہر سیاحتی، تاریخی اور تفریحی مقامات پر جانے کے مجاز ہونگے جو مملکت آنے سے قبل سیاحتی پیکیج حاصل کئے ہوئے ہونگے۔30دن میں سے 15دن حرمین شریفین کی زیارت اور باقی 15دن سیر و سیاحت کے لئے مخصوص ہونگے۔
 سیکریٹری امور عمرہ عبدالعزیز وزان نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ اب تک دنیا کے مختلف علاقوں سے ایک ہزا ر سے زیادہ معتمر مملکت پہنچ چکے ہیں۔ 25ہزار سے زیادہ عمرہ ویزے جاری کئے جاچکے ہیں۔ امسال مملکت کے باہر سے عمرہ ویزہ پر آنے والے 30روزہ قیام کے دوران مملکت کے کسی بھی شہر کا سفر کرسکیں گے۔ عمرہ کمپنیوں کی درخواست پر معتمر کو زیادہ سے زیادہ وقت مملکت میں گزارنے کا موقع دیا جائیگا۔ وزان نے توجہ دلائی کہ عام طور پر عمرہ ویزے کثیر تعداد میں جاری ہوتے ہیں۔ توقع یہ ہے کہ امسال شوال کے اختتام تک 85لاکھ افراد عمرہ ویزے پر ارض مقدس پہنچیں گے۔ گزشتہ سال 70 لاکھ سے زائد آئے تھے۔

نائب وزیر حج و عمرہ عبدالفتاح المشاط نے اس امر کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ امسال عمرہ ویزہ حرمین شریفین کی زیارت تک محدود نہیں رہیگا بلکہ ایسے معتمرین کو جو مملکت آنے سے قبل سیاحتی پیکیج لے چکے ہونگے انہیں مملکت کے کسی بھی شہر اور کسی بھی تاریخی یاسیاحتی مقام کی سیر کے لئے جانے کی اجازت ہوگی ۔