جاپانی ارب پتی شخص 2023 میں چاند کی سیر کو جائے گا، اسپیس ایکس

جاپانی ارب پتی شخص 2023 میں چاند کی سیر کو جائے گا، اسپیس ایکس
کیپشن: اسپیس ایکس کے مطابق اب تک صرف 24 انسان چاند پر جا سکے ہیں۔۔۔۔۔ فوٹو/ بشکریہ اسپیس ڈاٹ کام

کیلی فورنیا: امریکی ایرو اسپیس مینوفیکچر کمپنی 'اسپیس ایکس' نے چاند کی سیر پر جانے والے اپنے پہلے پرائیویٹ سیاح کے نام کا اعلان کر دیا۔

اسپیس ایکس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کیا گیا کہ جاپانی ارب پتی، فیشن ماہر اور آرٹ کیوریٹر یوساکا مائے زاوا وہ خوش نصیب ہیں جو 2023 میں چاند کی سیر کو جائیں گے۔

واضح رہے کہ اسپیس ایکس نے 14 ستمبر کو اعلان کیا تھا کہ 'کمپنی نے ایک پرائیویٹ مسافر سے معاہدہ کیا ہے جو بی ایف راکٹ میں چاند کے گرد سیر کرے گا'۔ مزید کہا گیا تھا کہ 'یہ عام انسانوں کے لیے اہم قدم ہے، جو خلاء کا سفر کرنا چاہتے ہیں، 17 ستمبر کو معلوم ہوگا کہ اس سفر پر کون اور کیوں جارہا ہے'۔ اب کمپنی نے اپنے اس پرائیویٹ سیاح کے نام کا بھی اعلان کر دیا ہے۔

اسپیس ایکس کے مطابق اب تک صرف 24 انسان چاند پر جاسکے ہیں اور 1972 کے اپولو مشن کے بعد سے کسی نے بھی چاند کا سفر نہیں کیا۔