راؤ انوار کا محرم کے بعد اہم پریس کانفرنس کرنے کا عندیہ

راؤ انوار کا محرم کے بعد اہم پریس کانفرنس کرنے کا عندیہ
کیپشن: میری پوسٹنگ لازمی ہو گی کیونکہ مجھ پر صرف الزامات ہیں، راؤ انوار۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

کراچی: نقیب اللہ قتل کیس میں نامزد سابق سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس راؤ انوار نے محرم الحرام کے بعد اہم پریس کانفرنس کرنے کا عندیہ دے دیا۔

نقیب قتل کیس کی سماعت کے بعد کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں راؤ انوار نے کہا کہ '5 اعلیٰ افسران بھی جے آئی ٹی میں تفتیش صحیح نہیں کر سکے حتیٰ کہ جے آئی ٹی میں میرا فون نمبر تک غلط درج کیا گیا'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'میری پوسٹنگ لازمی ہو گی کیونکہ مجھ پر صرف الزامات ہیں'۔اس سے قبل نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت آج انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی۔

سماعت کے دوران سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔ تاہم کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کی رخصتی کے باعث 11 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔

واضح رہے رواں برس 13 جنوری کو ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے ایک نوجوان نقیب اللہ محسود کو دیگر 3 افراد کے ہمراہ دہشت گرد قرار دے کر مقابلے میں مار دیا تھا۔