زلفی بخاری معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی مقرر

زلفی بخاری معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی مقرر
کیپشن: نوٹی فکیشن کے مطابق زلفی بخاری کو وزیر مملکت کا درجہ دیا گیا ہے۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے زلفی بخاری کو معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی مقرر کر دیا۔وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے زلفی بخاری کی بطور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی کی تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق زلفی بخاری کو وزیر مملکت کا درجہ دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے زلفی بخاری کو سمندر پار پاکستانیوں سے متعلق مفصل رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ وہ بیرون ملک پاکستانیوں کے ڈیم فنڈ سے متعلق امور کو بھی دیکھیں گے۔

واضح رہے کہ زلفی بخاری وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت سے قبل وہ عمران خان کے ہمراہ عمرے پر روانہ ہو رہے تھے کہ ان کا نام بلیک لسٹ میں ہونے کی وجہ سے امیگریشن حکام نے انہیں بیرون ملک جانے سے روک دیا تھا تاہم کچھ دیر بعد انہیں جانے کی اجازت دی گئی تھی۔

زلفی بخاری کا نام آف شور کمپنیوں کے باعث پاناما لیکس میں بھی آیا ہے جس بناء پر نیب میں ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور اس سلسلے میں وہ کئی بار نیب میں پیش بھی ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب اس وقت سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت وزیراعظم کے پاس موجود ہے جب کہ ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان نے گزشتہ روز دعویٰ کیا یہ وزارت ایم کیو ایم کو ملے گی جس کے وزیر امین الحق ہوں گے۔