غزہ: اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں 2 فلسطینی شہید

غزہ: اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں 2 فلسطینی شہید
کیپشن: image by facebook

غزہ: مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں 2 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی فوج نے فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے، شہید نوجوانوں کی شناخت ابراہیم النجر اور محمد خضر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ایک گروپ کو حملے میں نشانہ بنایا جو مشتبہ طور پر سرحدی باڑ کی جانب بڑھ رہا تھا۔


شہریوں نے حملے میں نوجوان کی شہادت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے خلاف نعرے بازی کی، فوج نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کی زد میں آکر 26 فلسطینی زخمی ہوگئے۔

یاد رہے کہ مذکورہ علاقے میں 30 مارچ کے بعد سے فلسطینی عوام کے ہفتہ وار احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، یہ احتجاج بعض مرتبہ پرتشدد مظاہروں کی صورت اختیار کرلیتا ہے۔

قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے وقتاً فوقتاً مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ بھی کی جاتی ہے جس سے فلسطینیوں کی شہید ہوجاتے ہیں۔

غزہ میں طبی ذمے داران کا کہنا ہے کہ 30 مارچ کے بعد سے اب تک 179 فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ 18000 کے زخمی ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی اسرائیلی فورسز نے آپریشن کے دوران 24 سالہ فلسطینی شہید ہوگیا تھا، جس پر اہلخانہ کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا۔