العزیزیہ ملز ریفرنس، نوازشریف کی اپیل پر سماعت آج ہو گی

العزیزیہ ملز ریفرنس، نوازشریف کی اپیل پر سماعت آج ہو گی

اسلام آباد:سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ملز ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کو سزا سنانے والے جج ارشد ملک کی ویڈیو سکینڈل کے بعد وضاحتی پریس ریلیزاور بیان حلفی کو بھی اپیل کے ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

یاد رہے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے تھے۔لندن فلیٹس ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، حسن نواز، حسین نواز، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو ملزمان ٹھہرایا گیا تھا۔

العزیزیہ سٹیل ملز جدہ اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے بیٹے نامزد ملزمان تھے۔حسن نواز اور حسین نواز کو عدالت میں پیش نہ ہونے کی وجہ سے مفرور قرار دیا جا چکا ہے۔

عدالت نے ان کے مقدمات علیحدہ کر دیے تھے۔العزیزیہ میں استغاثہ کے 22 اور فلیگ شپ ریفرنس میں 16 گواہان نے بیانات قلمبند کروائے تھے۔ سابق وزیراعظم نے فلیگ شپ میں 140 اور العزیزیہ میں 152 سوالوں کے جواب عدالت میں جمع کرائے تھے۔

بعد ازاں احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سات سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیاتھا۔دونوں ریفرنسز میں نواز شریف کے بیٹے حسن اور حسین نواز کو مفرور قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔