اکتوبر نومبر میں یورپ کورونا سے شدید متاثر ہوگا، ڈبلیو ایچ او کی وارننگ

اکتوبر نومبر میں یورپ کورونا سے شدید متاثر ہوگا، ڈبلیو ایچ او کی وارننگ

جینیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے یورپ میں کورونا وبا کی بگڑتی صورت حال پر وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ خدشہ ہے اکتوبر نومبر میں یورپ کورونا وبا سے مزید شدید متاثر ہوگا اور ہلاکتیں بھی بڑھ سکتی ہیں۔

یورپ میں عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر ہانس کلوگ کا کہنا ہے کہ یہ ایسا وقت ہے کہ کئی ممالک بری خبر سننا نہیں چاہتے، ہم ان کی یہ خواہش سمجھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر کہ ویکسین آنے سے وبا ختم ہو جائے گی ایسا ہرگز نہیں، ہم یہ نہیں جانتے کہ ویکسین ہر فرد کے لیے یکساں کارآمد ہوگی۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق عالمی وبا کا اختتام تب ہو گا جب ہم اس کے ساتھ جینا سیکھ لیں گے۔ڈبلیو ایچ او نے یورپ میں ایک ہفتے کے دوران  تین لاکھ سے زائد کیس رپورٹ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ  کورونا  کیسز سامنے آنے کی شرح پہلی لہر کی شرح سے بھی زیادہ ہے۔عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں 9 لاکھ 50 ہزار 449 افراد ہلاک اور 3 کروڑ3 لاکھ40 ہزار853 متاثر ہوچکے ہیں۔

دنیا میں کورونا سے متاثر 2 کروڑ20 لاکھ 31 ہزار229 افراد صحتیاب ہوئے اور ایکٹیو کیسز کی تعداد 73 لاکھ 59 ہزار 175رہ گئی ہے۔امریکہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے جہاں 2 لاکھ2ہزار213 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور68 لاکھ74 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

بھارت کورونا کیسز کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔ بھارت میں مجموعی تعداد52 لاکھ 12ہزار بڑھ گئی ہے۔ کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 84 ہزار 404 ہوگئی ہے۔برازیل میں کورونا سے متاثر ہونے والے ممالک میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں افراد کی تعداد 44 لاکھ 57ہزار افراد متاثر ہوئے اور ایک لاکھ 35 ہزار31 اموات ہوئی ہیں۔

روس کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں چوتھے نمبر پر ہے جہاں 10 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 19 ہزار 61 ہو گئی ہے۔پیرو میں بھی 7 لاکھ 44 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 31 ہزار 51 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کولمبیا کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں چھٹے نمبر پر ہے جہاں 23 ہزار 665 اموات ہوئی ہیں جبکہ 7 لاکھ 43 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔