مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ طاقت کے استعمال سے حل نہیں ہوگا،شاہ محمود قریشی

مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ طاقت کے استعمال سے حل نہیں ہوگا،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ طاقت کے استعمال سے حل نہیں ہوگا،اقوام متحدہ نے جہاں بہت سی کامیابیاں سمیٹی ہیں وہاں فلسطین اور کشمیرکے مسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے ، ریکوڈک کے معاملے میں کامیابی پر سب کو مبارکباد دیتاہوں، پاکستان کو وقتی طور پر بہت بڑا ریلیف ملا ہے،موسم سرما میں کورونا کی دوسری لہر آسکتی ہے تاہم ہمیں احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے رہنا ہوگا تاکہ ہم غفلت کے مرتکب نہ ہوں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر طاقت کا استعمال گذشتہ 7 دہائیوں سے کررہاہے تاہم طاقت کے استعمال سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا، کشمیر میں بھارتی حکمت عملی مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے جس کے باعث ہندوستان کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں، بھارتی اقدامات کی وجہ سے آج کشمیریوں میں اشتعال پایا جاتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں آزاد کشمیر کا پرچم لہرایا جا رہا ہے اور شہیدوں کو پاکستان کے پرچم میں لپیٹ کر دفن کیا جارہا ہے، کشمیر میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگتے ہیں، یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے بھارت کے یکطرفہ فیصلوں کوقبول نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کا مسئلہ ہرفورم پر اٹھاتے رہیں گے، وزیراعظم عمران خان 25تاریخ کو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر بات کریں گے، اقوام متحدہ نے جہاں بہت سی کامیابیاں سمیٹی ہیں وہاں فلسطین اور کشمیرکے مسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ریکوڈک کے معاملے میں کامیابی پر سب کو مبارکباد دیتاہوں، پاکستان کو وقتی طور پر بہت بڑا ریلیف ملا ہے، کورونا کی وجہ سے جب معیشت دبا میں ہے اور ان حالات میں یہ بڑاریلیف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین ہمارا دوست ہے جس نے مشکل وقت میں ہمیشہ ہمارا ساتھ دیاہے جب کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارا ایک جذباتی لگا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اللہ کا کرم ہے کہ کورونا کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، ہم نے تعلیمی ادارے کھول دیے ہیں وہاں بھی ہمیں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہوگا، طبی ماہرین بار بار اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ موسم سرما میں کورونا کی دوسری لہر آسکتی ہے تاہم ہمیں احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے رہنا ہوگا تاکہ ہم غفلت کے مرتکب نہ ہوں۔