پاکستان اہم مارکیٹ، پابندی ختم ہوتے ہی سرمایہ کاری لائیں گے: ٹاک ٹاک

پاکستان اہم مارکیٹ، پابندی ختم ہوتے ہی سرمایہ کاری لائیں گے: ٹاک ٹاک
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: معروف ویڈیو ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے پاکستان کو اہم مارکیٹ قرار دیتے ہوئے پابندی کے خاتمے کیساتھ ہی نئے منصوبے اور سرمایہ کاری لانے کا اعلان کر دیا ہے۔ 
ٹک ٹاک نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے لئے بہت اہم مارکیٹ ہے اور اس ایپلی کیشن تک عام افراد کی رسائی بحال ہوتے ہی ٹاک ٹاکرز کی حوصلہ افزائی کیلئے نئے منصوبے اور سرمایہ کاری لائیں گے۔ 
کمپنی کی جانب سے تمام معاملات کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ وہ مسائل کے قابل عمل حل نکالنے اور پابندی کے خاتمے کیلئے پی ٹی اے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاہم آخری بار پابندی لگانے سے پہلے انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا، ہم نے پی ٹی اے سے مسلسل رابطہ رکھا، فوری جواب دئیے اگر اس کے باوجود پیشگی اطلاع کے بغیر پابندی لگا دی گئی۔ 
ٹک ٹاک کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اپنی ایپلی کیشن کو ہر شخص کیلئے محفوظ اور بہتر بنانا چاہتے ہیں اور اس مقصد کیلئے ہماری کمیونٹی گائیڈ لائنز ہی ہماری بنیاد بھی ہیں جبکہ پاکستان میں غیر معیاری ویڈیوز کے سدباب کیلئے ہم نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران، مقامی زبان سے آشنا ماڈریشن کی ٹیم پر تین گناہ سے زائد سرمایہ کاری کی ہے۔
ٹک ٹاک کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ ہماری ٹیم مقامی قوانین اور پلیٹ فارم کی گائیڈ لائنز کے مطابق پاکستان کیلئے غیر مناسب ویڈیوز کو ایپلی کیشن سے ہٹانے کیلئے 24 گھنٹے کام کرتی ہے اور ہم مسلسل انتہائی ناپسندیدہ انداز میں ہماری کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے اکاو¿نٹس کو بند کردیتے ہیں۔