پتہ چلنا چاہئے کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے اچانک دورہ منسوخی کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے: جاوید میانداد

پتہ چلنا چاہئے کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے اچانک دورہ منسوخی کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے: جاوید میانداد
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور بلے باز جاوید میانداد نے کہا ہے کہ اس بات کا پتہ چلنا چاہئے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے اچانک دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کیوں کیا اور اس کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔ 
جاوید میانداد نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ منسوخ ہونے کے پیچھے کچھ نہ کچھ ہے، جب وزیر اعظم خود تمام تر یقین دہانیاں کروارہا ہے تو باقی کیا رہ جاتا ہے؟ لیکن اس کے باوجود دورہ منسوخی کا فیصلہ قائم رکھا گیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ نومنتخب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے امید نہیں رکھنی چاہئے کیونکہ وہ کچھ نہیں کر سکتی، اس نے آج تک کسی بھی ملک کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی سٹیڈیم میں پہلا ایک روزہ میچ شروع ہونے سے کچھ دیر قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کیا جس کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کردی گئی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے یوں اچانک دورہ منسوخ کئے جانے کے پاکستان کے سابق کرکٹرز، حکومتی عہدیداروں، مختلف سیاسی شخصیات اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کیساتھ ساتھ شائقین کرکٹ کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ 
قومی ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے اس فیصلے سے پاکستان کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے لہٰذا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بین الاقوامی سطح پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا بائیکاٹ کرے۔ 
اسی طرح سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے بھی اس معاملے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے خیال سے ہمیں مکمل کہانی نہیں بتائی جا رہی ہے حالانکہ ماضی قریب میں پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ یہاں ایونٹس کیلئے بہترین سیکیورٹی موجود ہے۔