طالبان سے مذاکرات کا اعلان تاریخی اقدام ہے: فواد چودھری

طالبان سے مذاکرات کا اعلان تاریخی اقدام ہے: فواد چودھری
سورس: فائل فوٹو

لاہور : وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کا اعلان تاریخی اقدام ہے ۔  وزیراعظم عمران خان اور تاجک صدر امام علی رحمانوف طالبان اور تاجکوں کو قریب لانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔نئی افغان حکومت میں تاجکوں کو شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد  چودھری نے  افغانستان کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتےہوئے   مزید کہا کہ افغانستان میں امن نہ صرف طالبان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے ۔  تاجکستان کے صدر کو دنیا بھر میں تاجک احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ تاجک  صدر نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران دونوں دھڑوں کو قریب لانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔طالبان کے لئے ان گروپوں کو حکومت میں شامل کرنا آسان نہیں جو ان کے ساتھ کئی دہائیوں سے لڑ رہے ہیں ۔

فواد چودھری نے کہا کہ افغانستان کے مسائل کا پائیدار حل تلاش کرنے کے لئے ان دونوں دھڑوں کو ساتھ ملانا ضروری ہے ۔  خطے میں امن اور سلامتی کے لئے سماجی و اقتصادی بحالی اہم عنصر ہے۔ 

 تاجکستان کے صدر اور وزیراعظم عمران خان نے خطے بالخصوص افغانستان میں امن، استحکام اور سلامتی کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔