کینیڈین وزیر خارجہ کا شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ،افغانستان ایشو پر اہم گفتگو

A

اسلام آباد:کینڈین وزیر خارجہ مارک گارنیو نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فونک رابطہ میں گفتگو کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی موجودہ  صورتحال پر تبادلہ   خیال کیا ،کینیڈین وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ایک پرامن اور مستحکم افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،وزیر خارجہ نے کنیندین وزیر خارجہ کو افغانستان کی صورتحال پر متفقہ لائحہ عمل کی تشکیل کے لیے کیے گئے حالیہ چار ملکی دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا ،وزیر خارجہ نے افغانستان میں اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، افغانستان میں قیام امن کو خطے کے امن و استحکام اور ترقی کیلئے ناگزیر قرار دیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی معاشی و انسانی معاونت کیلئے آگے بڑھے ،پاکستان، افغانستان میں پنپتے ہوئے انسانی المیے کے پیش نظر، افغانوں کو ہوائی اور زمینی راستوں سے امدادی سامان کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے،دنیا کو بھی چاہیے کہ وہ پر امن افغانستان کیلئے آگئے بڑھے کیونکہ مستحکم افغانستان ہی خطے کے امن کی ضمانت ہے ۔

وزیر خارجہ نے افغانستان کو امدادی سامان کی ترسیل کیلئے "انسانی راہداری" کھولنے کی بابت کینیڈین ہم منصب کو آگاہ کیا ،وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری کو ان ممالک کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے جو عرصہ ء دراز سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کرتے آ رہے ہیں،دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

 مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کرونا وبائی صورتحال میں بہتری کی صورت میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان اگلے سیاسی مشاورتی اجلاس کے بالمشافہ انعقاد کے متمنی ہیں،وزیر خارجہ نے کینیڈین وزیر خارجہ کے ساتھ، ہملٹن کینیڈا میں، پاکستانی کینیڈین شہری کی ہلاکت اور اس کے 63 سالہ والد فقیر علی کے اغواء کا معاملہ بھی اٹھایا۔
 
کینیڈین وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو یقین دلایا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کیلئے، کینیڈین حکومت معاملے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے ،وزیر خارجہ نے کینیڈین ہم منصب سے مطالبہ کیا کہ وبائی صورتحال میں بہتری کو پیش نظر رکھتے ہوئے، طلباء اور کاروباری حضرات کی مشکلات میں کمی لانے کیلئے، ویزہ ایڈوائزری پر نظر ثانی کی جائے.

کینیڈین وزیر خارجہ نے کابل سے کینیڈین شہریوں کے انخلاء میں، پاکستان کی جانب سے فراہم کی گئی بھرپور معاونت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا،وزیر خارجہ نے کینیڈین  ہم منصب کو یقین دلایا کہ پاکستان افغانستان سے انخلاء کے عمل میں معاونت کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔