قیادت اور کارکن کھڑے نہ ہوتے تو پاناما ایشو دفن ہو چکا ہوتا: قریشی

قیادت اور کارکن کھڑے نہ ہوتے تو پاناما ایشو دفن ہو چکا ہوتا: قریشی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاناما لیکس کیس ایک سال کی جدوجہد ہے اور گزشتہ سال اپریل میں ابتدا ہوئی تھی اب اپریل ہی میں یہ اونٹ کسی کروٹ بیٹھے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا تحریک انصاف اور عمران خان نے عوام کی آواز بلند کی اگر پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکن اس کیس کے لئے کھڑے نہ ہوتے تو پاناما ایشو دفن ہو چکا ہوتا۔اب کل تاریخ کا اہم ترین فیصلہ آ رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا اعلیٰ عدلیہ نے فریقین کو بردباری سے سنا جبکہ پاناما کیس میں آزاد میڈیا کے کردار کو نہیں جھٹلایا جا سکتا۔ پاناما کیس کا زندہ رہنا پاکستانی تاریخ کا اہم حصہ ہے اور جو کہنا تھا وہ عدالت میں ہمارے وکلا کہہ چکے ہیں۔ عدالت کا فیصلہ کیا آتا ہے کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن عوام کی عدالت میں میری نظر میں پاناما کا فیصلہ آ چکا ہے۔

انہوں نے کہا جب بھی پی ٹی آئی عوامی رابطہ مہم شروع کرتی ہے ان کو تکلیف ہوتی ہے جبکہ ہم واضح کر چکے ہیں سسٹم کو ڈی ریل کرنا نہیں چاہتے بلکہ احتساب کا عمل آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ پاناما لیکس کا فیصلہ سننے تحریک انصاف کی قیادت سپریم کورٹ جائے گی اور فیصلہ سننے کے بعد عمران خان پریس کانفرنس کریں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں