پی ایس ایل 6، بائیو سیکیور ببل کی تیاری کیلئے برطانوی کمپنی کی خدمات لینے کا فیصلہ

پی ایس ایل 6، بائیو سیکیور ببل کی تیاری کیلئے برطانوی کمپنی کی خدمات لینے کا فیصلہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچز کے انعقاد کیلئے بائیو سیکیور ببل کی تیاریاں شروع کر دی ہیں جس کیلئے برطانوی کمپنی کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں۔ 
 تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل چھ کے بقیہ میچز کو احسن اندازمیں کروانے کیلئے پی سی بی حکام متحرک ہو گئے ہیں اور بائیو سیکیور ببل کی تیاری کیلئے برطانوی کمپنی ریسٹراڈا کے ساتھ معاملات طے پاگئے ہیں اور بورڈ نے معاہدے کی دستاویزات تیار کرکے برطانوی کمپنی کو بھجوادی ہیں اور جلد ہی کمپنی کی تعیناتی کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی کمپنی کے ساتھ ابتدائی طور پر پی ایس ایل کے بقیہ میچز کا معاہدہ کیا گیا ہے تاہم کمپنی کی کارکردگی دیکھنے کے بعد آئندہ کرکٹ سیزن کیلئے بات چیت بھی کی جائے گی، پی ایس ایل کے میچز کے دوران بائیو ببل کیلئے پروٹوکولز ریسٹراڈا کمپنی طے کرے گی اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنانا بھی برطانوی کمپنی کی ذمہ داری ہوگی۔
دوسری جانب پی سی بی نے لیگ کے بقیہ میچز کیلئے ہوٹل بک کرا لیا، 300 کمروں پر مشتمل ہوٹل میں تمام 6 ٹیمیں، آفیشل اور براڈ کاسٹرز قیام کریں گے جبکہ ہوٹل کے تمام کمروں، ہال،کانفرنس روم اور ریسٹورنٹس سمیت پورا انتظام پی سی بی کے پاس ہو گا، بائیو ببل پروٹوکولز کے تحت ہوٹل، ٹرانسپورٹ، گراؤنڈ سٹاف اوربراڈ کاسٹرز ببل کے اندر رہیں گے۔