عوام کو ریلیف دینے کیلئے مہنگائی کی وجوہات کو ختم کرنا ہو گا، شوکت ترین

عوام کو ریلیف دینے کیلئے مہنگائی کی وجوہات کو ختم کرنا ہو گا، شوکت ترین
کیپشن: عوام کو ریلیف دینے کیلئے مہنگائی کی وجوہات کو ختم کرنا ہو گا، شوکت ترین
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ  شوکت ترین نے وزارت خزانہ کا چارج سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے بیان میں کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے مہنگائی کی وجوہات کو ختم کرنا ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق شوکت ترین نے وزارت خزانہ کا چارج باضابطہ طور پر سنبھال لیا۔ ان کی سیکرٹری پلاننگ اور چیف شماریات سے تعارفی ملاقات ہوئی جس میں ادارہ شماریات کے ڈیٹا اکٹھا کرنے اور جائزے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف شماریات نے مہنگائی کے اعداد و شمار مرتب کرنے پر بریفنگ دی۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاریاں شروع کر فدی ہیں اور بجٹ پر وزارت خزانہ سے بریفنگ لے لی ہے جبکہ معیشت کی بہتری کیلئے مختلف تجاویز ہیں اور جلد میڈیا کو ترجیحات سے آگاہ کروں گا۔ 

شوکت ترین نے کہا کہ آج وزارت خزانہ میں میرا پہلا دن ہے اور 11 سال بعد وزارت خزانہ میں دو گھنٹے معاشی امور پر بریفنگ لی ہے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے مہنگائی کی وجوہات کو ختم کرنا ہو گا۔ بروقت اور درست ڈیٹا اشیائے ضروریہ کی دستیابی بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کیے تھے جس کے مطابق مہنگائی کی شرح میں 0.54 فیصد اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے میں کیلے، ٹماٹر، آلو، آٹا، گھی اور گوشت مہنگا ہو گیا۔ کیلا 16 روپے 22 پیسےفی درجن مہنگے، ٹماٹر 7روپے 16 پیسےاور آلو 3روپے 17 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے۔

ادارہ شماریات کے اعدادو شمار کے مطابق 20کلو آٹے کا تھیلا 26 روپے 9 پیسے مہنگا ہوگیا۔ 20کلو آٹےکا تھیلا 988 روپے 36 پیسے کا ہو گیا۔ ایک ہفتے میں بڑا گوشت 4 روپے 62 پیسے فی کلومہنگا ہو گیا جبکہ مٹن 6 روپے 72 پیسے فی کلو مہنگا ہو گیا۔ بیف کا گوشت 494 روپے 32 پیسے اور مٹن 1030 روپے 5 5 پیسے فی کلو ہو گیا۔

اسلام آباد میں مٹن کا گوشت 12 سو روپے فی کلو اور بڑا گوشت 650 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔