این سی او سی نے بھارت سے مسافروں کی پاکستان آمد پر پابندی عائد کر دی

 این سی او سی نے بھارت سے مسافروں کی پاکستان آمد پر پابندی عائد کر دی
کیپشن: این سی او سی نے بھارت سے مسافروں کی پاکستان آمد پر پابندی عائد کر دی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے بھارت میں کورونا کی نئی قسم کے پھیلاؤ کے بعد بھارت سے آنے والے مسافروں کی پاکستان آمد پر پابندی لگا دی۔

تفصیلات کے مطابق این سی او سی کا اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی سربراہی میں ہوا جس میں بھارت سے لوگوں کی پاکستان آمد پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں بھارت میں کورونا کی نئی قسم کے پھیلاؤ پر بریفنگ دی گئی اور بھارت کو دو ہفتے کیلئے کیٹیگری سی میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

این سی او سی کے فیصلے کے مطابق پابندی بھارت سے فضائی اور زمینی راستے سے آنے والے مسافروں پر لگائی گئی ہے۔

اس سے قبل اپنے ایک ٹویٹ میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہسپتال مسلسل بھر رہے ہیں اور کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد 4500 تک پہنچ گئی ہے۔ تشویشناک مریضوں کی موجودہ تعداد گزشتہ سال جون کی نسبت سے 30 فیصد زائد ہے جبکہ آکسیجن کی فراہمی اس وقت دباؤ کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کم ہو رہا ہے اور جب سے کورونا آیا ہے اب ہم متاثرین کی تعداد بہت خراب دیکھ رہے ہیں اور ہمارا ہمسایہ ملک شدید بحران میں ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ایران میں روزانہ 300 سے زائد اموات اور بھارت میں روزانہ 1600 سے زائد اموات ہو رہی ہیں اور ہمیں پہلے سے زیادہ حفاظتی اقدامات کرنا ہوں گے۔ ملک میں آکسیجن کی فراہمی کی صلاحیت اب دباؤ کا شکار ہے اور ایک دفعہ پھر پورے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرائیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث خیبر پختونخوا کے بعد پنجاب میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ ملک بھر میں ایک دن میں کورونا وائرس سے 73 اموات ہوئیں جن میں سے 19 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔