سعد رضوی نے کارکنان سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے: صاحبزادہ حامد رضا

سعد رضوی نے کارکنان سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے: صاحبزادہ حامد رضا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دی جانے والی جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سے جیل میں ملاقات کرنے والے پنجاب قرآن بورڈ کے چیئرمین صاحبزادہ حامدرضا کا کہنا ہے کہ سعد رضوی نے کارکنان سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق صاحبزادہ حامد رضا نے کوٹ لکھپت جیل میں سعد رضوی سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات کے دوران پیش رفت ہوئی اور مذاکرات کا اگلا دور بھی جلد شروع ہو گا جبکہ ٹی ایل پی کے سربراہ نے کارکنان سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے، امید ہے مذاکرات میں جو طے ہوگا حکومت اس پرعمل کرے گی۔
واضح رہے کہ صاحبزادہ حامد رضا کی قیادت میں علماءکے وفد نے سعد رضوی سے جیل میں ملاقات کی ، وفد میں صاحبزادہ حامد رضا، ثروت اعجازقادری، میاں جلیل شرقپوری، صاحبزادہ ابوالخیرزبیر اوردیگر شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق علماءکے وفد نے سعد رضوی سے احتجاج ختم کرنے کی درخواست کی جبکہ علمائے کرام کا کہنا تھاکہ انتشار اور جلاؤ گھیراؤ سے اپنے ہی ملک کا نقصان ہوا لہٰذا ملک میں امن و امان کی فضا کو قائم رکھا جائے۔
ذرائع نے بتایا کہ علماءنے سعد رضوی کو ویڈیو پیغام جاری کرنے کا کہا جس میں مظاہرین سے احتجاج ختم کرنے کی درخواست کی جائے جبکہ علمائے کرام نے سعد رضوی سے اپیل کی کہ لاہور کا دھرنا ختم کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق سعدرضوی اور علماءکے وفد کے درمیان 5 گھنٹے مذاکرات ہوئے جبکہ مذاکراتی ٹیم نے افطاری بھی سعد رضوی کے ساتھ جیل میں کی، علماءنے سعد رضوی کو معاملات افہام تفہیم سے حل کرنے پر قائل کرنے کی کوشش۔
دوسری جانب حکومت پنجاب اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے درمیان بھی مذاکرات کا تیسرا راؤنڈ آج لاہور میں ہو گا جس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر مذہبی امور نور الحق قادری شریک ہوں گے۔ 
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اعلان کیا تھا کہ ٹی ایل پی نے کامیاب مذاکرات کے بعد یرغمال بنائے گئے 11 پولیس اہلکاروں کو چھوڑ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مذہبی جماعت کیساتھ مذاکرات کا پہلا راؤنڈ کامیابی کیساتھ مکمل ہوا جس کے بعد ناصرف پولیس اہلکاروں کو جانے کی اجازت دیدی گئی بلکہ مظاہرین بھی مسجد کے اندر چلے گئے۔ 
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بھی مذاکرات کا دوسرا راؤنڈ مکمل ہونے کی اطلاع دی اور بتایا کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور اور صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے دوسرے راﺅنڈ میں حکومت کی ترجمانی کی جبکہ تیسرا راؤنڈ اتوار کی شب 10 بجے ہو گا جس میں وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر مذہبی امور نور الحق قادری شریک ہوں گے۔