بجلی کی قیمت میں 3 روپے 15 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان

بجلی کی قیمت میں 3 روپے 15 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان

اسلام آباد: مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے بری خبر ہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے 15 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق (سی پی پی اے) کی جانب سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو جمع کرائی گئی درخواست میں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ 
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مارچ کے مہینے میں 10 ارب یونٹ بجلی پیدا ہوئی جس سے بجلی کی پیداواری لاگت 94 ارب روپے رہی جبکہ فرنس آئل سے 22 روپے 52 پیسے فی یونٹ مہنگی ترین بجلی پیدا کی گئی۔ 
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایل این جی سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 14 روپے 36 پیسے فی یونٹ رہی اور 17 روپے 35 پیسے فی یونٹ کے حساب سے ایران سے بجلی درآمد کی گئی جبکہ 27 پیسے فی یونٹ بجلی لائن لاسز کی نظر ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق درخواست پر سماعت 27 اپریل کو کی جائے گی جبکہ قیمتوں میں اضافے کی منظوری کی صورت میں صارفین پر 30 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

مصنف کے بارے میں