سفارتی پاسپورٹ نواز شریف کا حق ہے اور انہیں جاری ہو گا: وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ

سفارتی پاسپورٹ نواز شریف کا حق ہے اور انہیں جاری ہو گا: وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے خود پر بنائے گئے منشیات کے مقدمات کو جھوٹا قرار دے کر ان کی تحقیقات کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفارتی پاسپورٹ نواز شریف کا حق ہے اور انہیں جاری کیا جائے گا۔ عمران خان کی زندگی کو خطرے کے حوالے سے ہمارے پاس کوئی انٹیلی جنس اطلاعات نہیں ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق رانا ثناءاللہ نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی سیکیورٹی کے معاملات پر بریفنگ لینا ہے جس کے بعد مربوط پالیسی ترتیب دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر منشیات کے جھوٹے مقدمات بنائے گئے ان کی تحقیقات کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ہر ایک کو اپنی بات کرنے کی آزادی ہے مگر دوسرے کی آزادی کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے، ہم سوشل میڈیا پر پابندیاں نہیں لگائیں گے بلکہ اسے ریگولیٹ کریں گے کیونکہ جہاں دوسرے کی آزادی شروع ہوتی ہے، وہاں ریگولیٹ کرنا ہو گا۔ 
عمران خان کے خلاف کوئی مقدمہ بنانے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کسی بھی طرح کی کوئی انتقامی کارروائی نہیں کرے گی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار بھی نہیں کیا جائے گا۔ میں کوئی عمران خان نہیں جو کسی کا نام لے کر کہوں کہ اس کو پکڑوں گا اور نہیں چھوڑوں گا۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کیخلاف بدعنوانی کا کوئی کیس آیا تو پہلے اس کی تحقیقات کی جائیں گی اور اگر کیس بنا تو پھر ہی فیصلہ ہو گا کہ کیا کرنا ہے، راولپنڈی رنگ روڈ میں کچھ شکایات آئی ہیں،بڑے عطیات اور چیک دیئے گئے جس کی انکوائری ضرور ہو گی۔

مصنف کے بارے میں