قومی اسمبلی تحلیل ہوگی تو پھر ہی ایک دن میں الیکشن ہوں گے، شیخ رشید

قومی اسمبلی تحلیل ہوگی تو پھر ہی ایک دن میں الیکشن ہوں گے، شیخ رشید

راولپنڈی: سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی تحلیل ہوگی تو پھر ہی ایک دن میں الیکشن ہوں گے، حکومت تاریخ دے کہ کس دن اسمبلی تحلیل کرنی ہے اور جنرل الیکشن کروانے ہیں۔ 

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کو عوام میں اپنی مقبولیت کا اندازہ ہے اس لیے عدلیہ کو آنکھیں دکھا رہی ہے، ایک سال گزر چکا ہے لیکن ابھی تک آئی ایم ایف سے معاہدہ مکمل نہیں  ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ سماجی سیاسی اقتصادی اور عدالتی بحران اپنے فائنل راؤنڈ پر ہے، عوام غربت اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، حکومت اقتدار بچانے کے چکر میں عوام اور دنیا دونوں سے تنہا اور دور ہوگئی ہے، کل حکومتی اتحادیوں کی میٹنگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی، پی ڈی ایم میں واضح پھوٹ پڑ چکی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ عدالت کی حکم عدولی ہوچکی ہے، ایک دو روز میں سزا کی سمت کا تعین ہو جائے گا، لیکشن نہیں کروانے تو نگران حکومت نے گھر جانا ہے، پیپلز پارٹی، باپ اور ایم کیو ایم  اپنے فیصلے پر پچھتا رہی ہیں، اکثریتی پارٹیاں عوام کے دلوں سے اتر گئی ہیں۔

سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن ہوں گے یا توہین عدالت کا فیصلہ آئےگا، پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں، بالآخر عدلیہ کو آئینی فیصلوں کا احترام کروانا ہے اور ان کو یہ کام بخوبی آتا ہے۔