آئی سی سی پلیئرز رینکنگ میں افتخار احمد کی 10، حارث رؤف کی 5 درجے ترقی

آئی سی سی پلیئرز رینکنگ میں افتخار احمد کی 10، حارث رؤف کی 5 درجے ترقی

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے  پلیئرزکی رینکنگ جاری کردی ہے جس میں قومی کرکٹرز افتخار احمد کی 10 جبکہ حارث رؤف کی 5 درجے ترقی ہوئی ہے۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بیٹرز رینکنگ میں بھارت کے سوریا کمار یادیو بدستور پہلے جبکہ پاکستان کے محمد رضوان دوسرے نمبر پر براجمان ہیں، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ 

قومی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بیٹر افتخار احمد کی ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں 10 درجے ترقی ہوئی ہے جس کے بعد وہ 44 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی باؤلرز کی رینکنگ میں پاکستان کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف 5 درجے ترقی کے بعد 11 نمبر پر موجود ہیں، پاکستان کے شاداب خان رینکنگ میں 13ویں جبکہ شاہین آفریدی ایک درجے ترقی کے بعد 15 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی باؤلرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلے نمبر پر برقرار ہیں۔