بھکر کی عدالت سے ضمانت منظور، علی امین گنڈا پور کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر لاہور پولیس کے حوالے  کر دیا گیا

بھکر کی عدالت سے ضمانت منظور، علی امین گنڈا پور کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر لاہور پولیس کے حوالے  کر دیا گیا

لاہور: بھکر کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کی داجل چیک پوسٹ ہنگامہ آرائی کیس میں  ضمانت منظور کرلی جس کے بعد انہیں ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر لاہور پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

بدھ کے روز علی امین گنڈا پور کو داجل چیک پوسٹ ہنگامہ آرائی کیس میں سینئر سول جج بھکر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد داجل چیک پوسٹ ہنگامہ آرائی کیس میں علی امین گنڈا پور کی ضمانت منظور کرلی، عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کو 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔

اس موقع پر لاہور پولیس کی جانب سے علی امین گنڈاپور کی راہداری ریمانڈ کی درخواست کی گئی جس پر سماعت کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

بعدازاں عدالت نے محفوظ  فیصلہ سناتے ہوئے علی امین گنڈاپور کو ایک روز کے راہداری ریمانڈ پر لاہور پولیس کے حوالے کردیا، علی امین گنڈا پور کے خلاف تھانہ ریس کورس میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔