پاکستان اور افغانستان کا انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور افغانستان کا انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد : پاکستان اور افغانستان نے انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔ دونوں ملکوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی پاکستان اور افغانستان کا مشترکہ دشمن ہے اور اسے مل کر ہی ختم کیا جا سکتا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے افغان نائب وزیر خارجہ ناصر اندیشہ نےاسلام آباد میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کی ۔

ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کے قیام پر بات چیت کی ۔سیکرٹری خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان معیشت ، تجارت ، ٹرانزٹ اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس حوالے سے تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان انفراسٹرکچر اور توانائی کے منصوبوں کو پھیلانے کی ضرورت ہے ۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ دہشت گردی پاکستان اور افغانستان اور یہاں کے عوام کا مشترکہ دشمن ہے ۔ اس کو ختم کرنے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان انسداد دہشت گردی کی مشترکہ کوششوں اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔

افغان نائب وزیر خارجہ ناصر اندیشہ افغانستان کی آزادی کی تقریب اور ڈپلومیٹک انکلیو اسلام آباد میں نئے افغان سفارت خانے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہیں ۔ واضح رہے کہ 15 اگست کو سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے بھی افغانستان کا دورہ کیا تھا اور افغان قیادت سے ملاقاتیںکی تھیں ۔

مصنف کے بارے میں