بھارت اخلاقی میدان میں بری طرح جنگ ہار چکا، بلاول بھٹو

بھارت اخلاقی میدان میں بری طرح جنگ ہار چکا، بلاول بھٹو
کیپشن: Image Source: Bilawal Twitter Account

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ مودی نہ منموہن ہے نہ واجپائی، ہم شروع سے خبردار کرتے آرہے ہیں،مودی کا ہندوتوا کا نظریہ ہے، اسے تو ویزا تک نہیں ملتا تھا۔ بھارت اخلاقی میدان میں بری طرح جنگ ہار چکا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق ، بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی بلتستان ڈویژن اور ضلع اسکردو کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران کہا کہ مودی کا ہندوتوا کا نظریہ ہے، اسے تو ویزا تک نہیں ملتا تھا۔ بھارت اخلاقی میدان میں بری طرح جنگ ہار چکا ہے۔پی پی گلگت بلتستان کے صدر امجد ایڈووکیٹ، سابق وزیراعلی سید مہدی شاہ، رکن گلگت بلتستان اسمبلی عمران ندیم،سعدیہ دانش، شہزاد آغا، بشارت ظہیر، وزیر وقار اور الطاف استوری  بھی ملاقات میں موجود تھے۔

 

بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک کٹھ پتلی فاشست کیسے دوسرے کٹھ پتلی فاشسٹ پر تنقید کرسکتا ہے؟ایک شخص جو اپنے ملک میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑارہا ہے، وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر کیسے بات کررہا ہے؟

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ وہ بلتستان کے لوگوں کو سننے آئے ہیں، ان سے ملکی مسائل کے حل پر رائے لینا چاہتے ہیں۔ اگر ہمیں اسلام آباد تک لانگ مارچ کرنا پڑے تو مجھے یقین ہے کہ پورا گلگت بلتستان ہمارے ساتھ ہوگا۔