پی آئی اے کی خصوصی پرواز کابل میں پھنسے مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی

پی آئی اے کی خصوصی پرواز کابل میں پھنسے مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: افغانستان کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کیلئے کھلتے ہی پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کا خصوصی طیارہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پھنسے مسافروں کو لے کر وطن واپس پہنچ گیا ہے۔ 
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 6250 نے آج صبح 7 بجے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اتری، ذرائع کے مطابق آج پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی مزید خصوصی پروازیں کابل جائیں گی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق افغانستان کی فضائی حدود کھلنے کے بعد پی آئی اے کی یہ پہلی خصوصی پرواز وطن واپس پہنچی ہے، بوئنگ 777 طیارہ، پی کے 6249 پرواز کے طور پر بدھ کی شام اسلام آباد سے کابل پہنچا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے انتظامیہ مذکورہ پرواز کیلئے افغان حکومت و سول ایوی ایشن اور نیٹو حکام کے ساتھ رابطے میں رہی جبکہ سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر اس پرواز کی واپس روانگی تک معلومات محدود رکھی گئیں۔ 
ترجمان کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پرواز نے بدھ کی رات وطن واپس آنا تھا مگر کابل ایئرپورٹ پر سیکیورٹی و انتظامی مسائل کی وجہ سے بورڈنگ مکمل ہونے میں تاخیر ہوئی۔

ترجمان کے مطابق پرواز میں پاکستانیوں، غیر ملکی سفارتی مشن اور اہم عالمی اداروں کے لوگوں کو کابل سے نکالا گیا جبکہ مسافروں کی ائیرپورٹ تک رسائی و اجازت نامے کے انتظامات کابل میں موجود پی آئی اے کے زمینی عملے نے کئے۔ 
پی آئی اے کی پرواز پی کے 6250 نے مقامی وقت کے مطابق آج صبح 5 بج کر 55 منٹ پر حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کابل سے ٹیک آف کیا، 15 اگست کو افغانستان کی فضائی حدود بند ہونے سے قبل بھی پی آئی اے کے دو طیارے کابل سے غیرملکیوں کو پاکستان لاچکے ہیں۔ 
پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ارشد ملک نے اس اہم پرواز کو آپریٹ کرنے والے عملے کی تعریف کرتے ہوئے انہیں شاباش دی اور مسافروں کو بحفاظت پاکستان پہنچنے پر خوش آمدید کہا۔ 
واضح رہے کہ افغان دارالحکومت کابل پر طالبان کے کنٹرول کے بعد خراب ہونے والی صورتحال کے باعث کابل ائیرپورٹ کو بند کردیا گیا تھا تاہم امریکی حکام نے گزشتہ روز ائیرپورٹ کو سویلین ائیر ٹریفک کیلئے کھولنے کا اعلان کیا۔