یوم عاشور پر وزیراعظم پاکستان اور صدر مملکت کے پیغامات

یوم عاشور پر وزیراعظم پاکستان اور صدر مملکت کے پیغامات
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین ؓ کے یومِ شہادت پر وزیراعظم پاکستان عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیغامات جاری کئے ہیں۔ 
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسینؓ کی شہادت تاریخ کا ایک پرسوز واقعہ ہے کہ امت مسلمہ آج بھی افسردہ اور غم میں مبتلا ہے۔ شہادت حضرت امام حسینؓ کا یہ پیغام ہے کہ باطل بظاہر جتنا بھی عروج پر ہو اس نے بالآخر مٹنا ہوتا ہے اور حق کو جتنا بھی دبایا جائے اس نے قائم رہنا ہوتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے یوم عاشور پر قوم کے نام جاری اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ نے ظلم کے آگے سر جھکانے سے انکار کیا تو آپ کو جانثاروں سمیت میدان کربلا میں شہید کر دیا گیا۔

امام عالی مقام نے شہادت قبول فرمائی لیکن ظلم اور جبر کے سامنے نہ جھکے، اور اپنے اسوہ سے ثابت کر دیا کہ ہمیشہ حق کا ساتھ دینا چاہئے اور حق کی راہ میں قربانی دینے سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہئے۔ 
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں بھی ہر دور میں سچ اور انصاف کا ساتھ دیتے ہوئے جھوٹ اور فریب کی ہر چال کو ناکام بنانے کیلئے کمر کس لینی چاہئے۔ حضرت امام حسینؓ نے آل رسولﷺ کی شہادت پیش کر کے ایسی مثال قائم کی جس کی علم برداری کیلئے ہمیں بھی ہر وقت قربانی دینے کیلئے تیار رہنا چاہئے، شہادت حضرت امام حسینؓ کا یہ پیغام ہے کہ باطل بظاھر جتنا بھی عروج پر ہو اس نے بالآخر مٹنا ہوتا ہے اور حق کو جتنا بھی دبایا جائے اس نے قائم رہنا ہوتا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضرت امام حسینؓ کے جذبہ شہادت، ایثار، قربانی اور حق پرستی کو اپنے اندر تازہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ ہم ملک وملت کی سربلندی کی خاطر ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہوں۔
دوسری جانب صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہادت امامِ حسینؓ امت مسلمہ کیلئے عظیم درس اور رہتی دنیا تک عزم و استقلال کی علامت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اجتماعات میں کورونا وائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے پر بھی زور دیا۔ 
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے جذبہ شہادت، ایثار، قربانی اور حق پرستی کو اپنے اندر تازہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ ہم ملک وملت کی سربلندی کیلئے تیار ہوں۔