عسکری قیادت نے قومی سلامتی کے امور پر سینیٹ کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دیدی

عسکری قیادت نے قومی سلامتی کے امور پر سینیٹ کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دیدی

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی زیرصدارت سینیٹ کے پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کا اجلاس تقریباً ساڑھے 4 گھنٹے تک جاری رہا جس میں آرمی چیف نے قومی سلامتی اور اپنے بیرون ملک دوروں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور ڈی جی ملٹری آپریشن میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا بھی موجود تھے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی سلامتی سمیت علاقائی سیکیورٹی سے متعلق سینیٹ کی کمیٹی کو آگاہ کیا۔ سربراہ پاک فوج کی بریفنگ کے بعد سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا جس کے دوران سینیٹرز کی جانب سے کھل کر سوالات کیے گئے جن پر آرمی چیف نے جوابات دیے۔

ڈی جی ملٹری آپریشنزنے آپریشن "ردالفساد"کے تحت کامیابیوں اور فوجی عدالتوں میں بھیجے گئے دہشت گردی کے مقدمات کے فیصلوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈی جی ایم او نے ملک بھرمیں رینجرز آپریشن، کراچی میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں کمی کے حوالے سے بریف کیا۔

اس سے قبل آرمی چیف پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے تو ڈپٹی چیرمین سینیٹ مولانا عبد الغفور حیدری نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد وہ چیئرمین سینیٹ کے چیمبر میں چلے گئے۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے آرمی چیف کو 'جمہور گلی' بھی دکھائی جس میں قیام پاکستان کے بعد سے اب تک جمہوریت کے لئے خدمات انجام دینے والی شخصیات کی تصاویر آویزاں ہیں۔

ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور آرمی چیف کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے جب کہ ڈی جی ملٹری آپریشن میجر جنرل ساحر شمشاد نے ان کی آمد سے قبل وہاں انتظامات کا جائزہ لیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں